یو این آئی
اتر پردیش میں للت پور، کانپور اور آگرہ سمیت11اضلاع میں رہ رہے تعمیری مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کے لیے اسکول قائم کئے جارہے ہیں ۔ ان اسکولوں میں بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں کھانا اور کتابیں بھی مفت دی جائیں گی ۔ ریاست میں فی الحال یہ اسکول کانپور شہر، فیروزآباد ، آگرہ، غازی آباد، قنوج ، اٹاوہ، میرٹھ، مراد آباد ، للت پور، بھدوہی، اعظم گڑھ اور بہرائج ضلع میں کھلیں گے ۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ حکومت نے ان اسکولس کے قیام کی ذمہ داری وومین ویلفیئر سوسائٹی( مہیلا سماکھیا سنسنتھا) کو سونپی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان مزدوروں میں زیادہ تر خواتین ہوتی ہیں جو اپ نے ساتھ اپنے بچوں کو بھی کام کی جگہ پر لے جاتی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ خواتین جہاں کام کرتی ہیں ان کے بچے وہیں کھیلتے رہتے ہیں۔ معاشی پریشانیوں کی وجہ سے یہ خواتین ان بچوں کو پڑھنے نہیں بھیج پاتیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ان کے کام کی جگہیں بھی بدلتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے کرائے کے مکان بھی بدل جاتے ہیں ۔ اور ایسے حالت میں وہ چاہ کر بھی اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل نہیں کرا پاتیں۔ مجبورا وہ بچوں کو گم ہوجانے کے ڈر سے اپنے ساتھ ہی رکھتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی مزدوروں کے اس مسئلے کے حل کے لئے اور ہر گھر میں تعلیم کی روشنی پہنچانے کے لئے ریاستی حکومت نے ان بچوں کو پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان اسکولوں میں ان بچوں کو داخلہ دیاجائے گا جن کے والدین یا والد کا لیبر ڈیپارٹمنٹ میں ورکرز کے طور پر رجسٹریشن ہوگا۔ یہ اسکول ضلع مجسٹریٹ کی نگرانی میں چلائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ طے کیا گیا ہے کہ اٹاوہ سمیت ریاست کے گیارہ اضلاع میں رہائشی اسکول کھولے جائیں گے۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں