فیض آباد میں مسجد اور مندر میں انتشار - فساد پھیلانے کی کوشش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-14

فیض آباد میں مسجد اور مندر میں انتشار - فساد پھیلانے کی کوشش

فیض آباد
پی ٹی آئی
اتر پردیش کے شہر فیض آباد میں دو علیحدہ واقعات میں اشرار نے کل رات ایک مسجد اور مندر کو نشانہ بنایا اور فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی منظم سازش کی جو پولیس کی بر وقت مداخلت سے ناکام ہوگئی۔ پہلے واقعہ میں فیض آباد کے قلب میں واقع ایک مسجد پر کل رات ایک خام بم پھینکا گیا تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ دھماکہ سے دروازوں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ فیض آباد کے ضلع مجسٹریٹ انیل دھینگر اور ایس ایس پی موہت گپتا نے بتایا کہ بم دھماکہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ فرقہ وارانہ فساد کے لئے یہ ایک منظم سازش کی گئی لیکن ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے ۔ مسجد کمیٹی کے معتمد جناب شعیب نے بتایاکہ رات تقریبا1.30بجے دھماکہ کی آواز سن کر وہ باہر آئے ۔ مسجد میں دھواں بھرا ہوا تھا ۔ بعد میں وہاں لوہے کے ٹکڑے اور کیلے پھیلے ہوئے تھے جسے بم اسکواڈ نے اکٹھا کرلیا ۔ اس سلسلہ میں ایک شکایت درج کروادی گئی ۔ ایک اور واقعہ میں شہر کے وزیر گنج علاقہ میں شیو مندر میں مورتیاں ٹوٹی ہوئی پائی گئیں۔ اس سے مقامی طور پر کشیدگی پید اہوئی لیکن پولیس نے بر وقت مداخلت کرتے ہوئے صورتحا ل کو قابو میں کرلیا۔ فیض آباد کے ایس پی آر اے گوتم نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ گزشتہ چند دنوں میں مختلف مندوروں میں مورتیوں کی چوری اور توڑے جانے کے تقریبا نصف درجن واقعات پیش آئے ۔ دو واقعات میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسروقہ مورتیاں برآمد کرلیں۔ اعلیٰ سطحی انٹلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ مسجد اور مندروں پر حملے نوراتری کے موقع پر فرقہ وارانہ فساد پھیلانے کی ایک منظم سازش ہے ۔ اس سے قبل18اگست کو ساون میلہ تہوار کے موقع پر نامعلوم اشرار نے فیض آباد کی جامع مسجد میں آگ لگانے کی کوشش کی تھی۔

Divisive ploy? Idol desecrated, bomb hurled at Faizabad mosque

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں