جگن موہن ریڈی کی بھوک ہڑتال - پولیس نے زبردستی اسپتال میں داخل کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-14

جگن موہن ریڈی کی بھوک ہڑتال - پولیس نے زبردستی اسپتال میں داخل کیا

گنٹور
پی ٹی آئی
وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کو جنہوں نے ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے گزشتہ چھ دن قبل غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی ، پولیس نے زبردستی دواخانہ منتقل کردیا۔ مسلسل بھوک ہڑتال سے صحت خراب ہونے پر پولیس نے جبرا جگن کو ہاسپٹل منتقل کردیا۔ اے ایس پی بھاسکر راؤ کی زیر قیادت پولیس جوانوں کی ایک ٹیم نے ہڑتال کیمپ سے جگن کو گورنمنٹ ہاسپٹل گنٹور منتقل کردیا۔ پولیس نے یہ کارروائی آج صبح4:30بجے انجام دی۔ جگن نلا پاڈو کے مقام پر گزشتہ چھ یوم سے بھوک ہڑتال کررہے تھے مگر آج صبح پولیس نے ایک ایمبولنس کے ذریعہ جگن کو سرکاری ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ جگن کو ہاسپٹل منتقل کرتے وقت پولیس کو پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں کے ساتھ زبردست مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ۔ پارٹی قائدین اپنے لیڈر کو ہڑتال کے مقام سے باہر لے جانے کے خلاف مزاحمت کررہے تھے۔ جگن کی صحت پر نظر رکھنے والے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہڑتالی قائد کے جسم میں کیٹون کی مقدار میں اضافہ ہوگیا جس کے سبب گردوں سے مربوط مسائل پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے دیگر پیچیدہ مسائل پیدا ہونے کا خدشہ تھا اس کے علاوہ ان کی صحت بھی تیزی کے ساتھ بگڑ رہی تھی۔ پارٹی سربراہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے جگن سے کہا کہ وہ سیال غذا لیں تاکہ صحت میں بہتری ہوسکے ۔ صحت میں بہتری کے بعد آپ بھوک ہڑتال دوبارہ جاری رکھ سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں گلوز چڑھا دیا ۔ اے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی صحت پر ڈاکٹر ز قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جگن کو ہاسپٹل میں منتقل کرنے کے بعد ان کی بہن شرمیلا نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ22اکتوبر کو وزیراعظم مودی کے دورے کے پیش نظر نائیدو نے 42سالہ قائد کی بھوک ہڑتال کو جبری طور پر ختم کرادی ۔ مودی ریاست کے نئے صدر مقام کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے22اکتوبر کو ریاست کا دورہ کریں گے ۔ دریں اثناء وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سینئر قائد بوتسا ستیہ نارائنہ نے کہا کہ ریاست کے عوام کے خاطر لڑنے کا جگن کا جذبہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو خصوصی موقف کے حصول کے لئے پارٹی کے آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اس وقت کے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے سیما آندھرا( نئی ریاست اے پی) کو خصوصی موقف دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ وائی ایس آر سی پی کانگریس اور کمیونسٹ جماعتوں نے بر سر اقتدار آنے کے ایک سال کے بعد بھی ریاست کو خصوصی موقف دلانے میں ناکامی پر تلگو دیشم ، بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ مرکز کی این ڈی اے حکومت نے نیتی آیوگ کے وائس چیر مین ارویندپانا گار یا کو اس مسئلہ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ یو این آئی کے بموجب ضلع گنٹور کے نلا پاڈو کے مقام پر گزشتہ چھ دنوں سے بھوک ہڑتال منظم کرنے والے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کو پولیس نے زبردستی گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کردیا۔ پولیس نے یہ کارروائی آج صبح4:10بجے کے دوران انجام دی ۔ وائی ایس آر پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے زبردستی ہڑتالی کیمپ میں داخل ہوئی اور جگن سے کہا کہ فوری بھوک ہڑتال ختم کردو پولیس نے کہا کہ آپ کی صحت تیزی سے بگڑ رہی ہے اس حالت میں بھوک ہڑتال کو جاری رکھنا مناسب نہیں ہے ۔ بھوک ہڑتال ختم کرنے کی خواہش کو مسترد کرنے کے بعد پولیس نے زبردستی جگن کو اسٹرکچر کے ذریعہ ایمبولنس میں منتقل کردیا اور وہاں سے اس ایمبولنس کے ذریعہ انہیں گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کردیا ۔ جگن کو ہاسپٹل منتقل کرنے کی کوشش میں رکاوٹ بننے والے پارٹی قائدین اور حامیوں کو پولیس نے منتشر کردیا۔ ہاسپٹل میں جگن کی اہلیہ بھارتی ، ماں وجیہ اماں اور بہن شرمیلا موجود تھیں ۔

Jagan Mohan Reddy's indefinite fast foiled as police shift him to hospital

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں