پی ٹی آئی
اتر پردیش میں2017کے اسمبلی انتخابات میں اقتدار پر قبضہ برقرار رکھنے کے مقصد سے حکمراں سماج وادی پارٹی ان172نشستوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے جو2012کے انتخابات میں وہ جیت نہیں سکی تھی ۔ وہ سمجھتی ہے کہ بی جے پی کا مقابلہ کرنے وہ پوری طرح تیار ہے ۔ سینئر پارٹی قائد شیو پال یادو نے کہا کہ پارٹی ان نشستوں کے لئے اپنے امید واروں کا اعلان کافی پہلے کرے گی۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد امید واروں کو کامیابی کے لئے مناسب وقت دینا ہے ۔ انہو ں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ امید واروں کا انٹر ویو لینے اور انہیں منتخب کرنے کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور مرکزی پارلیمانی بورڈ کو سفارشات کے ساتھ فہرست روانہ کردی گئی ہے۔ ان نشستوں کے امید واروں کا اعلان انتخابات سے کم از کم ایک سال پہلے کردیاجائے گا تاکہ ان کے پاس زمینی سطح پر کام کرنے کے لئے مناسب وقت رہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ2012میں سماج وادی پارٹی نے224نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور ضمنی انتخابات کے بعدیہ تعداد بڑھ کر231ہوگئی تھی، لیکن اس وقت سے پارٹی کی مقبولیت میں کمی درج کی جارہی ہے ، جس کا مشاہدہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کیا گیا۔ پارٹی، ریاست کی80لوک سبھا نشستوں کے منجملہ صرف5نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکی جب کہ بی جے پی نے73نشستوں پر قبضہ کرلیا ۔ فرقہ وارانہ واقعات میں اضاطہ اور نظم و ضبط کی بر قراری میں حکومت کی ناکامی پر تنقیدوں سے پست حوصلہ ہوئے بغیر اکھلیش یادو حکومت کے سینئر کابینی وزیر شیو پال یادو نے کہا کہ اتر پردیش میں بی جے پی کا فرقہ پرستی کا ایجنڈا کام نہیں آئے گا، کیوں کہر یاست کے عوام حقیقت جان چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی محض سیاسی مفاد کے لئے مختلف مسائل اٹھاتی ہے، لیکن ہماری حکومت چوکس ہے اور عوام حقیقت جان چکے ہٰں ۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سے در پیش چیلنجس سے متعلق استفسار پر شیو پال نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ایسی واحد جماعت ہے جو ریاست میں بی جے پی کا مقابلہ کرسکتی ہے ۔ ہمارے پاس ایک مضبوط تنظیم ہے اور ہماری حکومت عام آدمی کی بہبود کے لئے اچھا کام کررہی ہے۔ انتخابی نتائج میں اس کی عکاسی ہوگی۔
SP well-oiled to take on BJP in UP: Shivpal Yadav
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں