اندرون 3 سال گھر گھر پانی کے ساتھ انٹرنیٹ کی بھی فراہمی - تلنگانہ کے وزیر پنچایت راج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-07

اندرون 3 سال گھر گھر پانی کے ساتھ انٹرنیٹ کی بھی فراہمی - تلنگانہ کے وزیر پنچایت راج

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ کے وزیر پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے مجوزہ واٹر گرڈ اسکیم کے ساتھ ایک اور اسکیم شامل کردی ہے اور اسمبلی میں اعلان کیا کہ آئندہ تین سالوں میں ریاست کے ہر گھر کو نل کے پانی کی سربراہی کے ساتھ ساتھ انٹر نیٹ سرویس بھی فراہم کی جائے گی جس کا مطلب یہ ہے کہ کمپیوٹر کی سہولیات دور درواز مواضعات ، قصبوں اور گریجن تانڈوں تک بھی پہنچے گی ۔ تلنگانہ پینے کے پانی کی سربراہی کا منصوبہ جسے عام طور پر واٹر گرڈ اسکیم سے جانا جاتا ہے ، کے تعلق سے ایوان میں بیان دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ واٹر گرڈ اسکیم کے تحت1.25لاکھ کلو میٹر پر محیط ریاست کے ہر گھر کو پائپ لائن کے ذریعہ روزانہ100(ایل پی سی ڈی) لیٹر محفوظ پینے کا پانی سربراہ کیاجائے گا۔ اس اسکیم کے تحت135ایل پی سی ڈی بلدیات ، نگر پنچایتوں، 150ایل پی سی ڈی اور تمام میونسپل کارپوریشنس ، تمام دیہی علاقوں کا احاطہ کیاجائے گا۔ حیدرآباد شہر اسکیم میں شامل نہیں ہے کیونکہ حیدرآباد شہر کے عوام کے آبی ضرورتوں ی تکمیل کی ذمہ داری حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کرے گا۔ جملہ پانی کے10فیصد حصہ کو صنعتی اغراض کے لئے مختص کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ36ہزار کروڑ کی تخمینہ لاگت کے حامل اس پراجکٹ کی تفصیلی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ رقومات ہڈ کو ، نبارڈ، الہ آباد بینک فراہم کررہا ہے ۔ اسکیم کے لئے42ٹی ایم سی پانی درکار ہوگا، جو دو بڑے دریاؤں کرشنا اور گواداوری کے مختلف مقامات سے حاصل کیاجائے گا ۔ وزیر پنچایت راج کے ٹی آر نے کہا کہ عظیم واٹر گرڈ پراجکٹ کو پایہ تجمیل تک پہنچانے کے لئے ٹی آر ایس حکومت نے پورے کام کی نگرانی اور مستقبل میں پراجکٹ کی دیکھ بھال کے لئے علیحدہ کمشنر یٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے حکومت نے چیر مین، وائس چیر مین اور ڈائرکٹروں کے تقرر کے احکام جاری کردئیے ہیں ۔علاوہ ازیں507جائیدادوں کو بھی منظوری دی جن میں چیف انجینئر کی1، سپرنٹنڈنگ انجینئرس کی10، ایگزیکٹیو انجینئرس کی31، ڈپٹی ایگزیکٹیو انجینئرس کی104، اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئرس کی346اور دیگر15جائیدادیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس کام کی تکمیل کے لئے آؤٹ سورسنگ بنیادوں پر662ورک انسپکٹرس اور 47جونئیر اسسٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ٹی ایس پی ایس سی، انتخاب کے مرحلہ کا آغاز کرچکی ہے ۔ اگرچیکہ ایوان میں اپوزیشن کا کوئی رکن نہیں ہے کیونکہ حکومت نے کسانوں کے قرض معافی مسئلہ پر ہنگامہ کے پیش نظر کانگریس، ٹی ڈی پی، بی جے پی ، وائی ایس آر سی پی ، سی پی آئی اور سی پی ایم کے تمام ارکان کو کل بیک جنبش قلم معطل کردیا تھا ، وزیر نے اپوزیشن سے عاری ایوان میں چیلنج کیا کہ اگر اپوزیشن ثابت کردیتی ہے کہ80فیصد آبادی کو پانی سربراہ کیاجارہا ہے تو وہ مستعفیٰ ہوجائیں گے۔

Telangana: Drinking water supply to every house in 3 years

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں