پنجابی مصنفہ دلیپ کور نے پدم شری ایوارڈ واپس کر دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-14

پنجابی مصنفہ دلیپ کور نے پدم شری ایوارڈ واپس کر دیا

نئی دہلی
یو این آئی
بڑھتے ہوئے فرقہ وارانہ واقعات اور اظاہر رائے کی آزادی پر منڈلاتے ہوئے خطرات کے خلاف ملک بھر میں مختلف زبانوں کے ادیبوں کی طرف سے ایوارڈ واپسی کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے پنجاب کی مشہور مصنفہ دلیپ کور ٹوانا نے پدم شری اعزازلوٹانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس دوران ساہتیہ اکیڈیمی کے ایوارڈس واپس کرنے والے مصنفین کی تعداد25ہوگئی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں مصنفین نے ایوارڈ اور اعزازات لوٹائے ہٰں ۔ مسز ٹوانا پہلی ادیب ہیں جنہوں نے فرقہ واریت اور اظہار رائے کی آزادی پر بڑھتے ہوئے خطرات کے خلاف پدم شری لوٹایا ہے ۔ پروفیسر توانا نے اپنے بیان میں کہا کہ گوتم بدھ اور گرونانک دیو کی زمین پر1984میں بھی سکھوں پر ظلم ہوئے اور آج مسلمانوں پر ظلم ہورہے ہیں ۔ فرقہ واریت ہمارے معاشرے اور ریاست پر کلنک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حق اور انصاف کے لئے آواز اٹھانے والوں کے قتل سے ہم دنیا اور خدا کے سامنے شرمسار ہوگئے ہیں ۔ چنانچہ میں نے پدم شری واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نامور مراٹھی رائٹر پر دنیا پوار نے اپنے تمام ادبی ایوارڈ واپس کردینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ملک میں عدم رواداری کے مزاج کے خلاف بطور احتجاج ایوارڈس اور نقد رقم جو تقریبا1.13لاکھ روپے ہوتی ہے۔ ریاستی حکومت کو لوٹا دینے کا اعلان کیا ہے ۔ پوار نے دادری ہلاکت اور دابھولکر پنسارے اور کلبرگی کے قتل کے واقعات کا حوالہ دیا جو بڑھتی ہوئی عدم رواداری کو ظاہر کرتے ہیں ۔ خاتون مصنفہ نے کہا کہ گزشتہ تقریبا دیڑھ سال میں ملک میں آمریت اور عدم رواداری بڑھ گئی ہے ۔ جو ایوارڈس واپس کررہے ہیں انہوں نے ایک تحریک شروع کی ہے ۔ وہ اسے آگے بڑھانا چاہتی ہیں ۔ پوار نے چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس کو لکھا کہ ہم ایک غیر معلنہ ایمر جنسی کے دور میں جی رہے ہیں ۔ آسام کے نامور مصنفین نروپما بورگوہین اور ہومین بورگوہین نے اپنے ساہتیہ ایوارڈس واپس کرنے کا اعلان کیا ۔ نروپما نے کہا کہ مذہبی عدم رواداری انتہائی درجہ پر پہونچ چکی ہے لیکن ملک کے لیڈر وزیر اعظم نریندر مودی اسے روکنے کا ہمیں یقین نہیں دلارہے ہیں اور خاموش ہین۔ یہ ایسا ہی جیسے فاشسزم کو بڑھاوا دینے کی وہ حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔ چونکہ وزیر اعظم مذہبی فسطائیت کو روکنے کی کوشش نہیں کررہے ہیں چنانچہ وہ علامتی احتجاج کے طور پر اکیڈمی کا ایوارڈ واپس کررہی ہین۔ ہومین نے کہا کہ جب سے دادری کا واقعہ پیش آیا ان کے اندر خاموش احتجاج جاری تھا۔ دوسرے ادیبوں کو ایوارڈ واپس کرتے ہوئے دیکھ کر انہوں نے بھی اپنا احتجاج ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندی کے مشہور مترجم چمن لال نے جو جے این یو کے ریٹائرڈ پر وفیسر ہیں ساہتیہ اکیڈیمی سے2002میں ملا ایوارڈ اور نقدرقم واپس کردی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحران کا وقت ہے اور ہمیں واضح انتخاب کرنا ہے کہ ہم کس کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ چنانچہ میں فرقہ وارانہ نفرت کی سرپرستی کے خلاف آواز اٹھانے والوں کا ساتھ دیتا ہوں ۔ آنند فاؤنڈیشن کے بانی بھائی بلدیپ سنگھ نے بھی اپنا پرمان پتر ایوارڈ واپس کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے حکومت پنجاب کو موسومہ مکتوب میں کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو مناسب انتباہ دینے میں کوتاہی پر احتجاج کرتے ہوئے انہوں ںے ایوارڈ واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

Punjabi author Dalip Kaur Tiwana returns Padma Shri, more writers protest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں