مودی آندھرا کو خصوصی موقف دینے کا اعلان کریں - راہل گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-20

مودی آندھرا کو خصوصی موقف دینے کا اعلان کریں - راہل گاندھی

حیدرآباد
یو این آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیاکہ آندھر اپردیش کے نئے صدر مقام امراوتی کی سنگ بنیاد تقریب جو شیڈول کے مطابق22اکتوبر کو مقرر ہے ، میں ریاست کو خصوصی موقف دینے کا اعلان کریں۔ نریندر مودی کو ایصال کردہ اپنے مکتوب میں جس کی نقولات صحافت کے لئے آج جاری کی گئیں ہیں ، راہول گاندھی نے کہا کہ ریاست اے پی کی تنظیم جدید عمل کے دوران آندھر اپردیش کے عوام نے ریاست کی معیشت پر فکرو تردد کا اظہار کیا تھا۔ عوام کی اس تشویش کو مد نظر رکھتے ہوئے یوپی اے حکومت نے احتیاط کے ساتھ ایکٹ میں آندھرا پردیش کی جامع ترقیاتی پیکیج دینے کی بات شامل کی تھی ۔ اس کی تائید اس وقت کے وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے بھی کی اور ڈاکٹر سنگھ نے20فروری2014کو راجیہ سبھا میں بیان دیتے ہوئے آندھر اپردیش کو خصوصی زمرہ والی ریاست کا موقف دینے کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اعظم کے اس علان پر بعد میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں منظوری کی مہر ثبت کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کے لئے اسے پلاننگ کمیشن کو روانہ کیا گیا تھا۔17اکتوبر کو مودی کے نام روانہ کردہ اپنے مکتوب میں راہول گاندھی نے کہا کہ مرکز میں این ڈی اے بر سر اقتدار آنے کے ایک سال سے زائد عرصہ بیت جانے کے باوجود اے پی کو خصوصی موقف دینے کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جب کہ متعلقہ ریاستی حکومت نے مرکوز کو بار بار اس جانب توجہ دلائی مگر ہنوز اس ضمن میں کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔ راہول نے کہا کہ وہ خود گزشتہ ایک سال کے دوران 2مرتبہ اے پی کا دورہ کرچکے ہیں۔ وہ جہاں بھی گئے وہاں کے عوام کو یہ کہتے ہوئے پایا کہ آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے سے متعلق مرکز اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ مرکز کے اس اقدام سے عوام انتہائی مایوس ہیں۔ انہوں نے مودی کی توجہ اس جانب بھی مبذول کرائی کہ آج ریاست آندھرا پردیش کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جس سے ترقیاتی کام عملا ٹھپ پڑ گئے ہیں۔ اس موقع پر ریاست کو فوری مالی مدد کی ضرورت ہے۔ مگر مرکز ہنوز پہل کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے وزیر اعظم مودی پر زور دیا کہ وہ امراوتی کی سنگ بنیاد میں ریاست کو خصوصی موقف دینے کا اعلان کریں کیونکہ یہی بہتر وقت ہے ۔ مودی کو چاہئے کہ وہ اس موقع کا بہتر طور پر استعمال کرتے ہوئے خصوصی موقف دینے سے متعلق وعدے پر عمل آوری کے وقت کے تعین کا اعلان کریں ۔ اس اعلان کے لئے یہ مناسب وموزوں وقت ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کی منظوری دیتے ہوئے مرکز کے اس اہم وعدہ پر عمل آوری کے لئے ٹائم فریم کا اعلان کریں ۔ اے پی کو خصوصی موقف والی ریاست کا درجہ دینے کااے پی تنظیم جدید ایکٹ2014میں بھی وعدہ کیا گیا تھا ۔ کانگریس کے نائب صدر نے مودی کو ایصال کردہ اپ نے مکتوب میں یہ بات کہی ۔ اس مکتوب کی نقولات اس وقت صحافت کو جاری کی گئی جب کہ وزیر اعظم امراوتی کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے22اکتوبر کو آندھرا پردیش روانہ ہونے والے ہیں۔ قبل ازیں گاندھی نے کہا کہ تلگو دیشم ، بی جے پی حکومت اور اپوزیشن وائی ایس آر آر سی پی نے بھی اس وعدہ کی تکمیل کے لئے مرکز پر دباؤ بنائے رکھنے میں ناکام رہی ہے ۔

Rahul Gandhi writes to PM Modi, asks him to grant special status for Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں