ادھم پور حملہ میں جاں بحق زاہد کی تدفین - کشمیر میں کئی مقامات پر جھڑپیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-20

ادھم پور حملہ میں جاں بحق زاہد کی تدفین - کشمیر میں کئی مقامات پر جھڑپیں

سری نگر
پی ٹی آئی
وادی کشمیر میں سخت سیکوریٹی انتظامات کے دوران آج اس ٹرک کنڈکٹر کی تدفین عمل میںآ ئی جو اودھم پور حملہ میں زخمی ہونے کے بعد جانبر نہ ہوسکا۔ کئی مقامات پر سیکوریٹی فورسس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں ، جب کہ علیحدگی پسندوں اور دیگر گروپس کی اپیل پر مکمل بند منایا گیا ۔ آٹھ پولیس اسٹیشنوں کی حدود میں کرفیو جیسی تحدیدات نافذ کردی گئی تھیں اور علیحدگی پسند قائدین کو نظر بند کردیا گیا ۔ وادی میں صورت حال ہنوز کشیدہ ہے ۔ جہاں کل کنڈکٹر زاہد احمد کے دہلی کے ایک ہاسپٹل میں انتقال کے بعد احتجاج بھڑک اٹھاتھا۔ بنیہال پٹی سے کشمیر تک ٹرینوں کی آمد و رفت روک دی گئی جب کہ احتجاج کی وجہ سے جموں، سری نگرقومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بھی درہم برہم ہوگئی۔ کشیدہ صورت حال کے ساتھ ہی کابینہ نے ایک قرار داد منظور کرتے ہوئے 9اکتوبر کو کشمیر جانے والے ایک ٹرک پر اودھم پور میں پٹرول بم حملہ کی مذمت کی اور امن و امان کی برقراری پر ریاست کے عوام کی ستائش کی ۔ زاہد کی نعش کو جو دہلی سے ایک ریاستی طیارہ میں آج یہاں لائی گئی تھی، بڑے جلوس کی شکل میں مقامی عوام نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اس کے آبائی موضع بتنگولے گئے ۔ زاہد کو گاؤں میں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیاگیا۔ اس موقع پر سوگوار عوام نعرے بازی کررہے تھے ۔ جلوس جنازہ کے دوران جو پر امن رہا، ایک نوجوان کو ہاتھ میں پاکستانی پرچم اٹھائے دیکھا گیا۔ جلوس کے لئے حکام نے سختی سیکوریٹی انتظامات کئے تھے۔ عہدیدار نے بتایا کہ اننت ناگ پولیس اسٹیشن کے حدود میں عائد تحدیدات میں نرمی دی گئی تاکہ عوام تدفین میں شرکت کرسکیں ۔ بہر حال تدفین کے فوری بعد اننت ناگ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے آنسو گیس کا استعمال کیا لیکن آخری اطلاعات موصول ہونے تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔ اننت ناگ میں جھڑپوں کے سبب جو وادی کو مابقی ملک سے جوڑنے والی شاہراہ پر واقع ہے ، سری نگر، جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوگئی ۔ آج ہڑتال کے دوران ضلع رمبان کے بنیہال ٹاؤن میں بھی احتجاج بھڑک اٹھا۔ عوام نے ٹائر جلائے اور نعرہ بازی کرتے ہوئے تقریبا ایک گھنٹہ تک شاہراہ کو مسدود کردیا ۔ کشٹور اور دریائے چناب کی گنڈوہ پٹی میں بھی احتجاج کیا گیا۔ علیحدگی پسندوں اور تجارتی تنظیموں کی ہڑتال کی اپیل پر وادی کشمیر میں عام زندگی درہم برہم ہوگئی ۔ بیشتر دکانات، تجارتی ادارے، پٹرول پمپ اور خانگی تعلیمی ادارے بند رہے ، جب کہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں کم حاضری درج کی گئی۔

Jammu and Kashmir: Protesters and police clash in Anantnag over trucker Zahid Bhat's death

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں