بمبئی ہائیکورٹ - بیف امتناع کی درخواستوں کی آج قطعی سماعت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-14

بمبئی ہائیکورٹ - بیف امتناع کی درخواستوں کی آج قطعی سماعت

ممبئی
پی ٹی آئی
بمبئی ہائی کورٹ مہاراشٹرا میں بیف پر امتناع کی قانون سازی کو چیالنج کرتے ہوئے دائر کردہ درخواستوں کی کل قطعی سماعت کرے گی۔ جسٹس ابھئے اوکااور جسٹس وی ایل اچیلیا پر مشتمل بنچ14اکتوبر سے تین دن تک ان درخواستوں کی سماعت کرے گی ۔ فروری2015میں صدر جمہوریہ نے مہاراشٹرا تحفظ مویشیان(ترمیمی) قانون کو منظوری دے دی جس کے ذریعہ گائے اور اس کی نسل کے جانوروں کے ذبیحہ پر مکمل امتناع عائد کردیا گیا ۔ اس نئی ترمیم کے ذریعہ بیلوں اور بچھڑون کے ذبیحہ اور بیف رکھنے پر بھی امتناع عائد کرتے ہوئے اسے سخت ترین جرم قرار دیا گیا ۔ اور ذبیحہ پر پانچ سال جیل اور دس ہزار روپے جرمانہ کی سزا مقر ر کی گئی جب کہ بیف رکھنے پر ایک سال جیل اور دو ہزار روپے جرمانہ کی سزا مقرر کی گئی ۔ ہائیکورٹ نے درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے اپریل میں امتناع کے خلاف عبوری حکومت دینے سے انکار کردیا تھا ۔ ممبئی کے ایک شہری عارف کپاڈیہ اور مشہور وکیل ہریش جگتیانی نے اس قانون کو چیالنج کرتے ہوئے اسے مختلف النوع مذہب و ثقافت کے شہر کے مزاج پر حملہ قرار دیا۔

دریں اثناء لکھنو سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب دادری مسئلہ پر سیاستدانوں کی مذمت کرتے ہوئے مشہور فلم اداکار اوم پوری نے آج کہا کہ سیاستدانوں کے مفروضہ رویے کے سبب دادری میں ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ۔ 28ستمبر کے اس واقعہ کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے اوم پوری نے کہا کہ جب ہم بیف بر آمد کرسکتے ہیں تو اس کے کھانے پر کوئی امتناع عائد کیسے کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیف کا مطلب صرف گائے کا گوشت نہیں ہے بلکہ دیگر مویشیوں کے گوشت کو بھی بیف کہاجاتا ہے ۔ ساہتیہ اکیڈیمی ایوارڈس کی واپسی کے سلسلے میں پوچھے گئے سوال پر اوم پوری نے کہا کہ اگر وہ دادری واقعہ کے خلاف بطور احتجاج ایسا کررہے ہیں تو اس سے بہتر راستہ اختیار کیا جاسکتا تھا۔

Beef ban petitions to come up for final hearing in Bombay HC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں