تلنگانہ میں پلاننگ سنٹر کے قیام کا ارادہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-31

تلنگانہ میں پلاننگ سنٹر کے قیام کا ارادہ

حیدرآباد
اعتماد نیوز
چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے منیجنگ ڈائرکٹر پراکٹر اینڈ گیمبل راج وانی نے ملاقات کی ۔انہوں نے چیف منسٹر سے کہا کہ جنوبی ایشیا کی ضروریات کی تکمیل کے لئے وہ تلنگانہ میں پلاننگ سنٹر قائم کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے انہوں نے ریاستی حکومت سے تعاون کی خواہش کی ۔ راج وانی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ ضلع محبوب نگر کے کتور منڈل کے پنچارلا گاؤں کے موجودہ یونٹ میں وہ توسیع چاہتے ہیں جو171ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے ۔ موجودہ یونٹ میں 786ملازمین ہیں ۔ ان کی تعداد بڑھا کر1200کی جائے گی۔ ان ملازمین میں80فیصد ملازمین کا تعلق تلنگانہ سے ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پلاننگ سنٹر کے لئے50اعلیٰ مہارت رکھنے والوں کا تقرر کیاجائے گا اور یہ تعداد بڑھا کر بعد ازاں100کردی جائے گی ۔ اس درخواست پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ سرمایہ کاری اور اپنی سر گرمیوں کی توسیع کے لئے تلنگانہ ان کے لئے بہترین ریاست ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ میں ایک بڑے بیس کے قیام کی تجویز پیش کی ۔ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری سے متعلق راج وانی کی درخواست پر چیف منسٹر نے تجویز پیش کی کہ وہ مقامی عوام کے مفادات کے شعبہ میں کام کریں ۔ یہ کے جی تا پی جی تعلیم کے شعبہ میں ہوسکتا ہے ۔ پراکٹر اینڈ گیمبل ایک ملٹی نیشنل کمپنی ہے جو80ممالک میں کام کرتی ہے۔اور150ممالک میں اس کے پراڈکٹس فروخت ہوتے ہیں ۔ اس کمپنی نے محبوبنر کے پنیجیررالا گاؤں میں اپنا ایک یونٹ قائم کیا ہے۔دریں اثناء اعتمازنیوز کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے کہا ہے کہ ریاست میں1400کلو میٹر تک قومی شاہراہ کی منظوری عمل میں آئی ہے ۔ اسٹاف اڈمنسٹریٹیو کالج آف انڈیا میں سڑکیں، بریجس کی تعمیر کے دوران اپنائے جانے والے اصولوں پر منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ناگیشور راؤ نے کہا کہ پڑوسی ریاستوں کے مقابلہ میں نئی ریاست تلنگانہ میں سڑکوں کی مسافت کم ہے جس کی وجہ سے ریاستی حکومت سڑکوں کی توسیع اور قومی شاہراہوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے ۔ مرکز کی جانب سے عنقریب1400کلو میٹر تک قومی شاہراہ تعمیر کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں10000کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کی طرز پر ترقی دینے کے لئے سنگل فری سڑکوں کی تعمیر کے لیے اسکائی ویز قائم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں اسکائی ویز اور سنگل فری سڑکوں کی تعمیر کرتے ہوئے عالمی سطح کے شہر میں تبدیل کرنے کے اقدامات جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع سے دارالحکومت حیدرآباد کو مربوط کرنے والی سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی عقنریب شروع ہوگا ۔ ضلع مستقر سے ہر منڈل کو جوڑنے والی سڑکیں بھی تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے ۔ اس دوروزہ ورکشاپ کا اہتمام انڈین نیشنل گروپ اور انٹر نیشنل برج کنسٹرکشن سے وابستہ انجینئرس اور ریاستی حکومت کے اشتراک و تعاون سے کیا گیا ۔ ورکشاپ میں انڈین نیشنل گروپ کے چیر مین کاروے ، ہاوزنگ کے چیف انجینئر ڈی ایس سنگ کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔

P&G plans to set up South Asia Planning Centre in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں