مودی حکومت اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے - ہندوستان کو امریکہ کی نصیحت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-17

مودی حکومت اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنائے - ہندوستان کو امریکہ کی نصیحت

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ کے مذہبی آزادی سے متعلق ایک اعلیٰ سفارتکار نے آج کہا کہ امریکہ، مودی حکومت کو ملک بھر میں رواداری اور تہذیب کی مثالوں کو حقیقت میں تبدیل کرنے کی ترغیب دے گا۔ وزیر اعظم کی جانب سے دادری واقعہ کے پس منظر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے اپیل کے بعد امریکی سفیر بین الاقوامی مذہبی امور ڈیوڈ سپرسٹین نے کہا کہ بیف واقعہ پر تنازعہ کے بعد مودی نے مختلف فرقوں کے درمیان رواداری اور تہذیب و تمدن کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ہم وزیر اعظم کو اور حکومت کو اس بات کی ترغیب دیں گے کہ وہ ملک بھر میں اس کو حقیقت بنانے کی کوشش کریں گے ، سپرسٹین ہندوستان میں مذہبی آزادی کے موقف پر ایک سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بین الاقوامی مذہبی آزادی پر سال2014ء سے متعلق کانگریس کی ایک رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں ہندوستان کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے26مئی تک یو پی اے کے دور کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ2014ء میں ہندوستان میں مذہبی محرک پر مبنی قتل، گرفتاریاں اور فسادات دیکھے گئے ساتھ ہی زبردستی تبدیلی مذہب کے واقعات بھی پیش آئے ۔ پولیس فرقہ وارانہ تشدد کے معاملات سے موثر طور پر نمٹنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔ سپرسٹین نے کہا کہ ہم کوئی اندازے نہیں لگا رہے ہیں ہم حقائق کو پیش کررہے ہیں میں یہ کہنا چاہوں گا کہ رپورٹ خود بول رہی ہے ۔ مودی حکومت کے دور میں مذہبی آزادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی سفارتکار نے کہا امریکی صدر بارک اوباما نے مذہبی آزدای اور رواداری کے بارے میں سریفورٹ کی اپنی تقریر میں جن باتوں کا حوالہ دیا تھا اس وقت ہی امریکہ نے اپنا موقف واضح کردیا تھا۔ انہوں ںے بتایا کہ ملک کی بہتری اسی میں ہے کہ ان مسائل کو جلد از جل حل کیاجائے ، ہم ہندوستانی حکومت پر یہ زور دیتے رہیں گے کہ وہ ہر فرقہ کے لئے جو اقلیت میں ہے ایسے حالات پیدا ہونے نہ دیں جو تشد د کی راہ ہموار کرتے ہیں اور انہیں تحفظ فراہم کریں ۔ امریکی سفارتکارنے یہ بات اس وقت کہی جب دادری واقعہ کے پس منظرمیں وزیر اعظم مودی نے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کو برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کو غربت جیسے مشترکہ دشمن سے متحدہ طور پر لڑنے کے لئے کام کرنا چاہئے ۔

US to ask Modi govt to turn ideals of tolerance into reality

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں