سیاسی صورتحال و مسائل پر نائب وزیراعظم نیپال سے سشما سوراج کی بات چیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-19

سیاسی صورتحال و مسائل پر نائب وزیراعظم نیپال سے سشما سوراج کی بات چیت

نئی دہلی
یو این آئی
نیپال کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کمل تھاپا نے اپنے اولین بیرونی دورہ کے موقع پر آج یہاں وزیر خارجہ سشما سوراج کے ساتھ طویل بات چیت کی۔ نیپال میں گزشتہ ماہ نئے دستور کے نفاذ کے بعد وہاں کے پی شرما اوولی کی سربراہی میں نئی حکومت قائم کی گئی ہے ، جس کی کابینہ میں کمل تھاپا کو نائب وزیر اعظم کے ساتھ وزارت خارجہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ اپنے پہلے بیرونی دورے پر آج ہندوستان آئے ہیں ۔ خیال کیا جاتا ہے کہ دونوں لیڈروں نے آج اپنی بات چیت میں نیپال کی تازہ صورتحال پر ایک دوسرے کو اپنی تشویشات سے آگاہ کیا اور اہم ان سے متعلق اہم امور پر غوروخوض کیا ۔ دونوں لیڈروں کے درمیان اس ملاقات کو دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان حالیہ سیاسی تعطل کے پیش نظر کافی اہمیت دی جارہی ہے ۔ دونوں ملکوں کے درمیان یہ سیاسی تعطل اس مسئلے پر ہے جس کو نیپال اپنے نئے دستور کی شکل و صورت پر ہندوستان کے اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیتا ہے جس کے باعث ہی مبینہ طور پر ہندوستان نے نیپال کو ضروری اشیاء کی سربراہی مسدود کردی ہے تاہم دوسری طرف ہندوستان نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر ان کی تردید کی ہے۔ حکومت ہند کا موقف ہے کہ ہندوستان اپنے ہمسایہ ملک میں پیش آنے والی سر گرمیوں سے آنکھیں بند کرکے نہیں رہ سکتا، جو کسی نہ کسی صورت میں ہندوستان پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہیں۔ حکومت ہند یہ محسوس کرتی ہے کہ اگر مدھیسی، تھارد اوردیگر طبقات کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو اس سے نیپال کے استحکام پر منفی اثر پڑ سکتا ہے ۔ کمل تھاپا نے جمعہ کو کاٹھمنڈو میں اپنے دورہ ہند کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں، ہمارے تعلقات میں کچھ کڑواہٹ آئی ہے لیکن ہمیں توقع ہے کہ ہم اس کو پیچھے چھوڑ کر آگے نکلنے میں کامیاب ہوں گے ۔ ہندوستان نے نیپال کو ضروری اشیاء کی سپلائی بند کرنے کے الزام کی بھی یہ کہتے ہوئے تردید کی ہے کہ سرحدی علاقوں میں مدھیسی طبقہ کے لوگوں کے احتجاجی مظاہرے کے سبب ایسا ہوا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ نیپال کی نئی حکومت کی طرف سے مدھیسیوں کے مطالبات کو تسلیم کرنے کے واسطے آئینی ترمیم کے لئے اقدامات کرنے کے تئیں وسیع مفاہمت کا اشارہ دئیے جانے کے بعد حکومت ہند نے نیپال کے ساتھ تمام مسائل کو حل کرنے کی توقع ظاہر کی ہے ۔ آج اس سے قبل کمل تھاپا نے خارجہ سکریٹرایس جے شنکر سے بھی بات چیت کی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے گزشتہ روز تھاپا کی آمد سے کہا کہ توقع ہے کہ نیپال کے نائب وزیر اعظم کے دورے سے ہمیں تمام مشترکہ مفادات کے مسائل پر گفت و شنید کرنے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ان پر نظر ثانی کرنے کا موقع فراہم ہوگا۔
نیپال کے نائب وزیر اعظم کمل تھاپا نے آج وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور نئے دستور کے خلاف احتجاج کرنے والے مدھیسی جماعتوں کے محاصرے کے پس منظر میں ملک کی صورتحال کے بارے میں بات چیت کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے نیپال کے نائب وزیر اعظم سے کہا کہ مدھیسی طبقہ کے اندیشوں کو دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔

Nepal Vice PM, Indian FM discuss political situation in Nepal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں