دہلی پولیس کو ایک سال کے لیے کنٹرول میں دینے کجریوال کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-19

دہلی پولیس کو ایک سال کے لیے کنٹرول میں دینے کجریوال کا مطالبہ

نئی دہلی
آئی اے این ایس
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے اتوار کے دن وزیر اعظم نریندر مودی پر یہاں دو کمسن لڑکیوں کی عصمت ریزی کے مسئلہ پر تنقید کی اور کہا کہ وہ دارالحکومت میں بڑھتے جرائم پر مودی کو چین کی نیند سونے نہیں دیں گے ۔ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کجریوال نے کہا کہ میں شیلا دکشت نہیں ہوں ، میں وزیر اعظم( مودی) کو تک چین کی نیند سونے نہیں دوں گا ۔ عام آدمی پارٹی قائد نے سوال کیا کہ مودی عصمت ریزی کی شکار لڑکیوں کے ارکان خاندان سے کیوں ملاقات نہیں کرتے جب کہ وہ بیرونی دورے کرتے رہتے ہیں ۔ کجریوال نے خواتین کے تحفظ پر پیر کے دن اپنی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے ۔ کجریوال سے قبل15سال تک دہلی پر حکمرانی کرنے والی شیلا دکشت کو2012میں دارالحکومت میں23سالہ لڑکی کی عصمت ریزی و قتل پر عوام کی زبردست برہمی جھیلنی پڑی تھی ۔ انہوں نے یہ کہتے ہوئے بے بسی ظاہر کی تھی کہ دہلی پولیس میرے کنٹرول میں نہیں ہے۔ دہلی پولیس کے کنٹرول کا مسئلہ عام آدمی پارٹی حکومت اور مرکز کے درمیان آج بھی درد سر بنا ہوا ہے ۔ کجریوال کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس کومرکزی وزارت داخلہ کے تحت ہے غیر موثر ہوچکی ہے جس کی وجہ سے مجرموں پر اس کا خوف نہیں رہا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دہلی پولیس ایک سال کے لئے ہمارے حوالے کردیجئے اوردیکھئے ہم اسے کیسے ٹھیک کردیتے ہیں ۔ اگر آپ پوری دہلی پولیس کا چارج ہمیں نہیں دے سکتے تو کم از کم مشرقی دہلی میں ہمیں اس سے نمٹنے دیجئے ۔ اگر نظم و ضبط کی صورتحال بہتر نہیں ہوئی تو یہ اختیار ہم سے واپس لے لیجئے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب مرکز کے اسمارٹ سٹیز، پراجکٹ پر طنز کرتے ہوئے چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ جب عام آدمی غریب بے روزگار اور پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولتوں کے لئے ترستا ہوا سمارٹ سٹیز کا حصول ناممکن ہے۔ انہوں نے ٹریفک ٹریننگ پارک کے قریب پبلک کنویننیس فیسلیٹی کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی میونسپل کونسل( این ڈی ایم سی) اسمارٹ سٹی بننے والی ہے ۔ میرے خیال میں کوئی بھی شہر اچھی سڑکوں کی وجہ سے اسمارٹ نہیں بنتا۔ وہ اسی وقت اسمارٹ بنتا ہے جب اس میں رہنے والے بھی اسمارٹ بن جائیں ۔ ہمیں پہلے عوام کی زندگی اسمارٹ بنانی ہوگی ۔ چیف منسٹر نے زور دے کر کہا کہ آبادی کا غریب حصہ پہلے اسمارٹ سٹیز کے ثمرات سے مستفید ہو۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی ہنوز غریب اور بے روزگار ہے۔ وہ جس علاقہ میں رہتا ہے وہاں پینے کے پانی کی تک باقاعدہ سربراہی نہیں اور ہم شہر کو اسمارٹ بنانے کی باتیں کررہے ہیں ۔ یہ ناممکن ہے ۔ اپنی حکومت کے لئے ترجیحات طے کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی قائد نے تشویش ظاہر کی ۔ کہ دہلی کے اسکولوں میں تعلیم کا معیار گرتا جارہا ہے ۔ انہو ںے علاج کی بہتر سہولتوں کی فراہمی پر مزید توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ کجریوال نے مزید کہا کہ وی آئی پی علاقوں میں پانی کی24گھنٹہ سپلائی ہوتی ہے لیکن عام آدمی جن علاقوں میں رہتا ہے وہاں ہرروز پانی کا بحران دیکھاجاتا ہے ۔
کوچی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب سپریم کورٹ کے وکیل پرشانت بھوشن نے آج کہا کہ وزیر اعظم اگر افرا تفری اور بد نظمی کے ایجنڈہ کی تجویز رکھتے ہوں تو انہیں چاہئے کہ وہ میک ان انڈیا پروگرام کو خیرباد کہہ دیں ۔ عام آدمی پارٹی سے اخراج کے بعد سوراج ابھیان تشکیل دہنے والے قائد نے اقلیتوں پر حالیہ حملوں کے لئے سنگھ پریوار پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے ذریعہ دنیا کا پیام دینے میں ناکام رہی تو ملک میں بیرونی راست سرمایہ کاری متاثر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اگر یہی ایجنڈہ چاہتے ہیں تو وہ میک ان انڈیا کو خیر باد کہہ سکتے ہیں ۔ کیونکہ صحیح سوچ رکھنے والا کوئی بھی شخص افرا تفری اور بد نظمی کے ماحول میں ہندوستان میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا۔ بھوشن نے کہا کہ میں یہ پیش قیاسی کرسکتا ہوں کہ ملک میں آئندہ سال جو بیرونی سرمایہ کاری ہوگی وہ مودی دور سے قبل کی سرمایہ کاری سے کم ہوگی۔

Minors Raped: Kejriwal Demands PM To Either Act Or Hand Over Delhi Police Control

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں