ہندوستان کا سیکولر کردار دم توڑ رہا ہے - سابق کشمیر وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-07

ہندوستان کا سیکولر کردار دم توڑ رہا ہے - سابق کشمیر وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ

سری نگر
یو این آئی
نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے منگل کے روز الزام عائد کیا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی سلب کی جارہی ہے جس سے اس ملک کا سیکولر کردار دم توڑ رہا ہے جو کسی بھی زاوئے سے ملک کی وحدت اور آزادی کے لئے سود مند نہیں ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں بھاجپا حکومت کے معرض وجود میں آنے کے ساتھ ہی آر ایس ایس کا غلبہ بڑھ رہا ہے ، جو ہندوستان کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ مودی کی حکومت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کی مذہبی آزادی سلب کی جارہی ہے ۔ الیکشنوں کو مذہبی رنگت دینے کے لئے دنگے فساد برپا کئے جارہے ہیں ، بڑے گوشت کھانے کی افواہ پر ایک مسلمان کو زدوکوب کے ذریعہ موت کے گھاٹ اتارا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات صرف ڈاکٹر فاروق عبداللہ ہی نہیں بلکہ اعظم خان اور غلام نبی آزاد جیسے قوم پرست ہندوستانی بھی دہرائے رہے ہین ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ان باتوں کا اظہار پرتاپ پارک سری نگر میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے این وائی سی رضا کاروں اور کیجول وڈیلی ویجروں سے ملنے کے بعد کیا۔ انہوں نے کہا کہ این وائی سی رضا کار ایک ماہ سے زائد عرصہ سے یہاں بھوک ہڑتال پربیٹھے ہوئے ہیں لیکن حکومت کی کانوں تک جوں تک نہیں رینگی ہے ۔ بھوک ہڑتال پر بیٹھے افراد نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے کہا کہ ان کے بچوں کو اسکولوں سے فیس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے نکالا جارہا ہے ، ان کے کنبے فاقہ کشی کے شکار ہیں ، سابق حکومت کے کابینہ آرڈر کے باوجود بھی موجودہ حکومت عمل آوری نہیں کررہی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مفتی سرکار کے رویہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی حکومت بس بلند بانگ دعوے کررہی ہے لیکن عام لوگ بری طرح پس رہے ہیں ۔ مفتی صاحب لوگوں کو بڑے بڑے خواب دکھا رہے ہیں لیکن ان غیر مستقل ملازمین کے کنبے فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا وجہ مفتی صا حب کو سابق حکومت کے کابینہ احکامات پر عمل آوری کرنے سے روک رہے ہیں ؟ مفتی صاحب بڑے بڑے سیاحتی مراکز بنانے کے دم بھر رہے ہیں تو ان غیر مستقل ملازمین کو وہیں ایڈ جسٹ کیوں نہیں کرتے ۔ انہوں نے بھوک ہڑتال پر بیٹھے افراد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کا مسئلہ اسمبلی میں اٹھایاجائے گا اور وہ ان کا مسئلہ مرکزی سرکار کے ساتھ بھی اٹھائیں گے ۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مفتی سرکار کی نبض ناگپور اور آر ایس ایس کے پاس ہے، اس لئے وہ اب خود کرنے کے اہل نہیں رہے ہیں ۔

Farooq Abdullah says secularism been 'killed'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں