دادری واقعہ منصوبہ بند سازش - اترپردیش حکومت کی مرکز کو رپورٹ پیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-07

دادری واقعہ منصوبہ بند سازش - اترپردیش حکومت کی مرکز کو رپورٹ پیش

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت اتر پردیش نے دادری میں ایک مسلم شخص کی ہلاکت کی رپورٹ مرکز کو پیش کردی ہے لیکن اس میں اس بات کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا کہ بیف کھانے یا ذبیحہ گاؤ کی افواہوں کے نتیجہ میں محمد اخلاق کی ہلاکت ہوئی ۔ وزارت داخلہ کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ اخلاق اور اس کے لڑکے دانش پر بعض نامعلوم افراد نے ان غیر مصدقہ الزامات پر حملہ کیا کہ انہوں نے پرتی بندھت پشو کا مانس کھایا ہے ۔ رپورٹ میں دادری ضلع گوتم بدھ نگر کے مقامی پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کو من و عن نقل کردیا گیا ۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ ریاستی حکومت کی رپورٹ میں ان حالات کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا جن کے نتیجہ میں ہجوم، محمد اخلاق کو ہلاک کرنے کے لئے مشتعل ہوا ۔ واقعہ کے بعد کی گئی کارروائی پر رپورٹ میں کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد بعض مشتبہ افراد کو پکڑا گیا ہے۔ ہلاکت کی ممکنہ وجہ کی تفصیلات میں گئے بغیر رپورٹ میں کہا گیا کہ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔ وزارت داخلہ نے یکم اکتوبر کو ریاستی حکومت سے کہا تھا کہ وہ دادری واقعہ اور اس کے بعد حکام کی جانب سے کی گئی کارروائی کی تفصیلات فراہم کرے۔ وزارت داخلہ نے کل بھی یاد دہانی کرائی تھی جس پر حکومت اتر پردیش نے رات دیر گئے رپورٹ پیش کردی ۔ اسی دوران بسہاڑہ کا ماحول ہنوز گرم ہے جہاں بیرونی افراد میڈیا کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ محمد اخلاق کی بہیمانہ ہلاکت کے بعد موضع میں میڈیا کے جم غفیر پر مقامی افراد بالخصوص خواتین نے احتجاج کیا تھا۔ مقامی نظم و نسق نے رکاوٹیں کھڑی کردیں اور صحافیوں کو بسہاڑہ کی خیر مقدمی کمان کے باہر روک دیا جارہا ہے ۔ موضع میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے کہ کہیں ان میں بیرونی افراد تو سوار نہیں ۔ گوتم بدھ نگر نے جس کے تحت بسہاڑہ گاؤں واقع ہے ۔ ضلع نظم و نسق کو مقامی بی جے پی رکن پارلیمنٹ و مرکزی وزیر مہیش شرما اور یوپی کے بی جے پی رکن اسمبلی سنگیت سوم کے خلاف جو مظفر نگر فساد بھڑکانے کے ملزم ہیں ، رپورٹ بھیجی ہے ، کہ انہوں نے محمد اخلاق کی ہلاکت کے بعد موضع میں نافذ دفعہ144کی خلاف ورزی کی ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس(رورل) ایس کے یادو سے جب جئے پرکاش کی موت کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ شبہ ہے کہ اس شخص نے زہر پی کر خود کشی کی ہے۔ پوسٹ مارٹم ہوچکا ہے اور رپورٹ کا انتظار ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا کہ بعض طاقتیں فرقہ واریت کو پھیلاتے ہوئے ان کی حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کررہی ہیں۔ ان کے انکل اور سینئر سماج وادی پارٹی قائد شیو پال یادو نے واقعہ کے لئے بی جے پی کو راست ذمہ دار ٹھہرایا ۔ کابینی وزیر شیو پال یادو نے کہا کہ دادری واقعہ سیاسی مقصد براری کے لئے بی جے پی کی سوچی سمجھی سازش ہے۔ ہنگامہ آرائی کے باوجود ہم نے کسی کو بھی بسہاڑہ کے دورہ سے نہیں روکا تاکہ سچائی اور زمینی حقیقت سامنے آجائے ۔ شیو پال یادو ، سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے بھائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہہم نے نفرت پھیلانے والوں پر نظر رکھی ہے ۔ ان ہی لوگوں نے مظفر نگر میں فساد برپا کیا تھا اور اب ریاست کے دوسرے حصوں میں یہی کوشش کررہے ہیں ۔ ضلع سطح کے عہدیداروں کو سخت ہدایت دی گئی ہے ۔ اگر وہ لا پرواہی برتتے پائے گئے تو اب ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ متنازعہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے مسئلہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں ، مسلمانوں کو صرف ووٹر سمجھتی ہیں ، انسان نہیں ۔ اکھلیش جی نے متاثرہ خاندان کو 45لاکھ روپے معاوضہ دیا ہے ۔50لاکھ روپے دئیے جائیں بھی تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ۔

Dadri lynching: UP govt submits report to Home Ministry

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں