جرمن کمپنیوں کے لئے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-07

جرمن کمپنیوں کے لئے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع

بنگالورو
پی ٹی آئی، یو این آئی
وزیر اعظم نریند رمودی نے کہا کہ حکومت ہندوستان میں تجارت کے لئے ماحول کو سازگار بنانے گزشتہ15ماہ سے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی طویل عرصہ سے زیر التوا تشویش کو دور کرنے کے لئے اصلاحات کئے گئے ہیں۔ نیسکام کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ڈیجیٹل انڈیا مہم کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ہندوستان کا یہ سافٹ ویر دنیا کے ہارڈویر کو ہٹائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں سرمایہ کاری میں40فیصد اضافہ ہوا ہے اور بنیادی گھریلو پیداوار 7فیصد زیادہ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک، عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر ادارے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ ہند۔ جرمن معاشی تعلقات پر مودی نے کہا کہ ابھی اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ جرمن کمپنیوں کے لئے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت ہندوستان میں1600جرمن کمپنیاں سرگرم ہیں ان میں سے کچھ کمپنیاں100سال قدیم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جرمن کمپنیاں ہندوستان میں 50ملین مکانات کی تعمیر اور100اسمارٹ سٹیز قائم کرنے حکومت کے منصوبوں میں حصہ دار بن سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ حکومت 175گیگا واٹ قابل تجدید توانائی پیدا کرنے، قومی شاہراؤں کو وسعت دینے ، میٹرو ریل نٹ ورکس قائم کرنے کی بھی تجویز رکھتی ہے اور ان کاموں میں سرمایہ کاری کے لئے جرمن کمپنیوں کو وسیع مواقع حاصل ہیں ۔ اس موقع پر انجیلا مرکل نے کہا کہ جرمن انجنیئر نگ اور ہندوستانی ماہرین کا بنگالورو میں امتزاج ہے ۔ ان دونوں ممالک نے دسمبر میں پیروس میں منعقدہ ماحولیاتی تبدیلی کے اجلاس سے قبل سولار انرجی انڈسٹری اور ہندوستان کے کلین انرجی کاریڈور میں جرمنی کی سرمایہ کاری کے لئے14,600کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لئے معاہدہ کیا تھا ۔ نیسکام میں دونوں قائدین کی موجودگی میں پانچ بزنس معاہدے کئے گئے ۔ مرکل نے کہا کہ وہ جرمنی میں ہندوستانی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرنا چاہیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ ہند۔ یورپی یونین آزادانہ تجارتی معاہدہ کے لئے بھی وہ بات چیت شروع کرنے پر زور دیں گی ۔ جرمن لیڈر نے کہا کہ ترکی میں جی20چوٹی کانفرنس کے مواقع پر گزشتہ سال نومبر میں مودی سے ان کی ملاقات ہوئی تھی اس موقع پر دونوں قائدین نے کہا تھا کہ ہندوستان کو اعلیٰ صلاحیتوں کے لئے ملازمتوں کی ضرورت ہے جب کہ جرمنی کو اعلیٰ صلاحیت رکھنے والے ملازمین کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے جرمن چانسلر کے لئے خصوصی ظہرانہ کا اہتمام کیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے آج جرمنی کے آٹو مویٹو کمپنی باش کے بنگالورو کیمپس کا معائنہ کیا۔ دونوں قائدین نے باش کمپنی کی جانب سے مختلف ٹریڈز میں نوجوانوں کو دی جارہی تربیت کی تفصیلات حاصل کیں ۔ باش کمپنی نے جو1953ء سے بنگالورو میں کام کررہی ہے1961ء میں پیشہ وارانہ تربیتی مرکز شروع کیا تھا۔ باش کی کارکردگی کا دونوں قائدین نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ مشاہدہ کیا اور انوویشن و وکیشنل سنٹرس کا بھی معائنہ کیا جہاں انوکھے پراجکٹس پر تحقیق کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمین کو اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت دی جارہی ہے ۔ دونوں نے ہندوستان میں کام کرنے والی اس جرمن فرم کے سرکردہ اکزیکٹیو سے بھی تبادلہ خیال کیا اور میک ان انڈیا کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹلائز انڈیا کے سلسلہ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Narendra Modi promises German companies ‘easy ride’ in India

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں