دادری واقعہ حکومت کو بدنام کرنے فرقہ پرستوں کی سازش - اکھلیش یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-07

دادری واقعہ حکومت کو بدنام کرنے فرقہ پرستوں کی سازش - اکھلیش یادو

لکھنو
پی ٹی آئی
دادری میں گائے کا گوشت کھانے کی افواہوں پر ایک شخص کو مار مار کر ہلاک کیے جانے پر جاری ہنگاموں کے دوران چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے آج یہ الزام عائد کیا کہ بعض قوتیں فرقہ وارانہ خطوط پر سیاست کررہی ہیں تاکہ ان کی حکومت کو بدنام کیا جاسکے اور ریاست کی ترقی کو روکا جاسکے ۔ اکھلیش نے میڈیم، اسمال اور مائیکرو انٹر پرائزس( ایم ایس ایم ای) کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض قوتیں ساز ش رچ رہی ہیں تاکہ فرقہ پرستی کو فروغ دیاجاسکے ۔ ہمیں ان سے چوکس رہنا ہوگا ۔ آج جب کہ دنیا ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہی ہے، بعض طاقتیں جو فرقہ وارانہ خطوط پر سیاست کررہی ہیں، ملک اور ریاست کو پسماندگی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ طاقتیں ریاستی حکومت کو بدنام کرنا چاہتی ہیں۔ وہ ایسے مسائل اور بحث چھیڑ رہی ہیں جن سے سماج کے تمام طبقات کو نقصان پہنچے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایسی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ریاست کو ترقی کی راہ پر آگے لے جایاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام صدیوں سے بھائی چارہ اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے آئے ہیں۔ اکھلیش نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ریاست کے امن پسند عوام ان طاقتوں کو اپنے منصوبوں میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے ایک ہفتہ قبل پیش آئے دادری واقعہ کے پس منظر میں یہ بیان دیا ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں برہمی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق سماج وادی پارٹی نے آج الزام عائد کیا کہ دادری واقعہ سیاسی مفاد حاصل کرنے بی جے پی کی ایک سوچی سمجھی سازش تھی اور کہا کہ اس کی حکومت نفرت پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھ رہی ہے جو ریاست میں فسادات برپا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اکھلیش یادو حکومت نے یہ بھی کہا کہ اس نے کسی کو دادری کا دورہ کرنے سے نہیں روکا جہاں بیف کھانے کی افواہوں پر ایک شخص کو مار مار کر ہلاک کردیا گیا تھا ۔ کسی کو نہ روکنے کی وجہ یہ تھی کہ عوام سچائی جان سکیں ۔ سینئر سماج وادی پارٹی قائد و کابینی وزیر شیو پال یادو نے کہا کہ دادری میں زدوکوب کا واقعہ بی جے پی کی ایکی سوچی سمجھی سازش تھی، تاکہ سیاسی فائدہ حاصل کیاجاسکے ۔ کافی ہنگاموں کے باوجود ہم نے کسی کو موضع کا دورہ کرنے سے نہیں روکا ، تاکہ وہ سچائی اور حقائق جان سکیں ۔ اس استفسار پر کہ سماج وادی پارٹی سے کسی نے اس موضع کا دورہ کیوں نہیں کیا؟ یادو نے کہا کہ ان الزامات سے بچنے کہ سماج وادی پارٹی وہاں اپنی مرضی کے مطابق حالات پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص کے ارکان خاندان نے لکھنو میں ہم سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن مدد بشمول 45لاکھ روپئے ، سیکوریٹی اور نئے گھر کے حصول میں مدد دی گئی ۔ ہم ایسے حساس مسئلہ پر سیاست کرنے میں نہیں بلکہ اقدامات میں یقین رکھتے ہیں ۔ ہم نفرت پھیلانے والوں پر نظر رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مظفر نگر میں فسادات بھڑکائے تھے اور اب ریاست کے دیگر علاقوں میں ایسا ہی کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ضلعی سطح کے عہدیداروںکو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اور اب ان کی کسی کوتاہی کے سامنے آنے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے بھائی شیو پال یادو نے کہا کہ ہم فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں اور اس کے خلاف کسی بھی کوشش کو آہنی پنجہ سے کچل دیاجائے گا۔ ریاست میں نظم و ضبط کی ناقص صورتحال کے بارے میں اپوزیشن کے دعوؤں کے بارے میں استفسار پر انہوں نے کہا کہ یہ بے بنیاد اور سیاسی محرکات پر مبنی الزام ہے ۔ نہ صرف سرمایہ کار بلکہ ریاست کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ اگر نظم و ضبط کا مسئلہ ہو تا تو ایسا نہ ہوتا ۔ بی ایس پی کے اس الزام کے بارے میں سوال پر کہ سماج وادی پارٹی اور بی جے پی ریاست میں فرقہ ورانہ کشیدگی پیدا کرنے کے معاملہ میں ملے ہوئے ہیں، یادو نے کہا کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ ایک ایسی پارٹی جس نے خود دو مرتبہ بی جے پی کی مدد سے حکومت تشکیل دی اور ایسا الزام عائد کررہی ہے ۔

Dadri lynching: Conspiracy by communal forces to defame my Government: Akhilesh Yadav

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں