کشمیر میں تجارتی تنظیموں کی احتجاجی ریلی کو ناکام بنا دیا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-08

کشمیر میں تجارتی تنظیموں کی احتجاجی ریلی کو ناکام بنا دیا گیا

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر میں تباہ کن سیلاب کا ایک سال مکمل ہوجانے کے باوجود متاثرین کی باز آباد کاری نہ ہونے کے خلاف وادی کی تمام تجارتی انجمنوں کی جانب سے پیر کے روز تاریخی لال چوک میں منعقد ہونے والی احتجاجی ریالی کو کشمیر انتظامیہ نے لال چوک کی طرف جانے والے تمام راستوں کو سیل کرکے، تقریبا تمام علیحدگی پسند لیڈران کو اپنی اپنی رہائش گاہوں پر نظر بند کر کے اور ٹریڈ یونین لیڈران کو حراست میں لے کر ناکام بنادیا۔ وادی کشمیر میں گزشتہ برس کے7 ستمبر کو آنے والے تباہ کن سیلاب کو آج ٹھیک ایک سال مکمل ہوگیا لیکن اس سے متاثر ہونے والے افراد ہنوز امداد سے محروم ہیں ۔ تجارتی انجمنوں کی جانب سے منعقد ہونے والی احتجاجی ریالی کو ناکام بنانے کے لئے تاریخی لال چوک کی طرف جانے والے تمام راستوں کو پیر کی علی الصبح ہی سیل کردیا گیا تھا جب کہ مائسمہ چوک جہاں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کا ہیڈ کوارٹر واقع ہیں میں کسی بھی جلوس یا مظاہرے کو ناکام بنانے کے لئے سخت پابندیاں نافذ کی گئی تھیں۔ لال چوک اور اس کے گردونواح میں سینکڑوں کے تعداد میں سیکوریٹی فورسز اور ریاستی پولیس ملازمین کو تعینات کردیاگیا تھا ۔ امیرا کدل برج جو بالائی شہر اور تجارتی مرکز ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ کو لال چوک کے ساتھ جوڑتا ہے ، کو خار دار تار سے بند کردیا گیا تھا جب کہ دیگر سڑکیں جو ریذیڈنسی روڈ، ریگل چوک ، کورٹ روڈ اور جنگلات روڈ کو لال چوک کے ساتھ جوڑتا ہے کو بھی سیل کردیا گیا تھا ۔ کسی بھی شخص کو لال چوک کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔ مائسمہ جو جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کا گڈھ مانا جاتا ہے اور جہاں احتجاجی مظاہرین اور سیکوریٹی فورسز کے مابین جھڑپیں معمول کی بات ہے ، کو بھی خار دار تار سے سیل کردیا گیا تھا ۔ سیکوریٹی فورسز اور ریاستی پولیس اہلکاروں کو بڈشاہ چوک میں تعینات کردیا گیاتھا جو کسی بھی شہری کو مائسمہ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہے تھے ۔ اسی طرح ریڈ کراس روڈ سے لے کر گاؤ کدل تک بھی پابندیاں نافذ کردی گئی تھیں ۔ اس علاوہ کشمیر انتظامیہ نے تجارتی انجمنوں کے پروگرام ناکام بنانے کے لئے تقریبا تمام علیحدگی پسند لیڈران کو اپنی اپنی رہائش گاہوں پر نظر بند کردیا تھا جب کہ ٹریڈ یونین لیڈران کو حراست میں لے لیا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹریڈ یونین صدر اور کشمیر اکنامک الائنس کے چیر مین محمد یاسین خان اور دیگر کئی لیڈران کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسندوں کو نظربند کرنے اور ٹریڈ یونین لیڈران کو حراست میں لینے کا قدم امن و امان کو برقرا رکھنے کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چیر مین محمد یاسین ملک جنہیں آج تاجر برادری کی اہتمام سے منعقد ہونیو الے احتجاجی پروگرام میں شرکت کرنا تھی کو کل شام اپنی رہائش گاہ پر نظر بند کردیا گیا۔

Traders, separatists arrested to foil Lal Chowk march

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں