مغربی بنگال میں ما قبل آزادی 401 کابینی فائلیں منظر عام پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-29

مغربی بنگال میں ما قبل آزادی 401 کابینی فائلیں منظر عام پر

کولکتہ
آئی اے این ایس
حکومت مغربی بنگال پیر کے دن ما قبل آزادی دور سے تعلق رکھنے والی401کابینی فائلیں منظر عام پر لے آئی۔ 1938سے آزادی تک کی ان فائلوں کو صیغہ راز سے نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ فائلیں اس وقت کی حکومت برطانیہ کے مختلف فیصلوں بشمول ہندوستان چھوڑو تحریک پر روشنی ڈالتی ہیں ۔ انہوں نے ریاستی سکریٹریٹ میں کہا کہ1938تا1947کا زمانہ ہندوستانی تاریخ کا اہم دور ہے اور ان فائلوں سے اس دور میں بشمول ہندوستان چھوڑو تحریک جیسے تاریخی واقعات کے تعلق سے کئے گئے کابینی فیصلوں کی تفصیلی جانکاری ملتی ہے ۔1938تا1947ء کابینی اجلاسوں(401) کی ہارڈ اور سافٹ دونوں کاپیاں ریاستی آرکائیو موقوعہ سکریٹریٹ لائبریری اور کولکتہ انفارمیشن سنٹر میں رکھی جائیں گی ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ کابینی اجلاسوں کے تعلق سے جملہ401دستاویز ہیں ۔ 1938میں52اجلاس ،1939میں39اجلاس ،1940میں66اجلاس،1941میں26اجلاس،1942میں51اجلاس،1943میں47اجلاس،1944میں46اجلاس،1945میں13اجلاس،1946میں31اجلاس اور1947میں39اجلاس منعقد ہوئے تھے ۔ ممتا بنرجی نے نریندر مودی حکومت کی ڈیجیٹل انڈیا پہل پر طنز کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی مابعد آزادی فائلوں کو مرحلہ وار طور پر ڈیجیٹائز ڈ کردیاجائے گا۔ ڈیجیٹل انڈیا کی صرف بات کرنا کافی نہیں ہوگا ، عمل کرکے دکھانا ہوگا ۔ فائلیں منظر عام پر لانے میں آپ کو کھلا پن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے جو ہم کررہے ہیں ۔ممتا بنرجی نے جو ترنمول کانگریس کی سربراہ بھی ہیں، کہا کہ عوام کی ضرورت ہے کہ وہ تاریخ سے آگاہ ہوں اور ہم ان تمام دستاویز کو منظر عام پر لاتے ہوئے یہ کام کررہے ہیں ۔ مرحلہ وار ہم تمام فائلوں کو ڈیجیٹائز کریں گے ۔ عوام، محققین اور طلباء کو تاریخ کی جانکاری ہوگی جو ان کا حق ہے ۔ ڈیجیٹائزڈ فائلوں کی کاپیاں اسپیکر لوک سبھا اور نائب صدر نشین راجیہ سبھا کو بھیجنے کے علاوہ ممتا بنرجی جو دہلی جارہی ہیں ، شخصی طور پر ایک کاپی منگل کے دن صدر جمہوریہ کو پیش کریں گی ۔ وہ چہار شنبہ کو چیف منسٹر دہلی ارند کجریوال سے بھی ملاقات کرنے والی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں شخصی طور پر فائلوں کی کاپی منگل کے دن صدر جمہوریہ کو پیش کروں گی۔ چہار شنبہ کو کجریوال نے مجھے ایک سیمینار میں مدعو کیا ہے جس میں میں شرکت کروں گی ۔ بنرجی حکومت نے18ستمبر کو نیتا جی سبھاش چندر بوس سے متعلق64خفیہ فائلیں جاری کی تھیں۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے اپنا مطالبہ دہرایا کہ مرکزی حکومت، نیتا جی سے متعلق134خفیہ دستاویز جاری کردے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا مطالبہ نہیں ہے بلکہ پورا ملک جاننا چاہتا ہے کہ نیتا جی سے متعلق فائلیں منظر عام پر لانے کے بعد حکومت مغربی بنگال نے1938تا1947کابینی کاغذات جاری کردئے ہیں جو نیتا جی اور ان سے متعلق موضوعات پر ہیں۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے ریاستی سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ یہ کاغذات ماقبل آزادی ہندوستان میں خفیہ رہے ہوں لیکن آج انہیں عوام کے لئے جاری کردینے کی ضرورت ہے اسی لئے ہم انہیں منظر عام پر لارہے ہیں ۔

West Bengal Government Declassifies Pre-1947 Cabinet Files

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں