اقوام متحدہ کشمیر قرار داد پر عمل کروائے - نواز شریف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-29

اقوام متحدہ کشمیر قرار داد پر عمل کروائے - نواز شریف

اقوام متحدہ، اسلام آباد
یو این آئی
پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون کے ساتھ ہندوستانی سیکوریٹی فورسس کی جانب سے جموں و کشمیر میں خط قبضہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اورمظالم کے مسائل کو اٹھایا ۔ وزارت امو ر خارجہ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نے خط قبضہ اور کار گزار سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے مسئلہ کے ساتھ ساتھ ہندوستانی جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے مسئلہ کو اٹھایا۔شریف نے کل نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے70ویں اجلاس کے موقع پر یو این سکریٹری جنرل بان کیمون سے ملاقات کی ۔ نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر پر عالمی ادارے کی قرار داد پر عملہ در آمد کروائیں ۔ نیویارک میں بان کی مون ے ساتھ اپنی ملاقات میں وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے استصواب رائے پر زور دیا ۔ وزیر اعظم نے دیرینہ تنازعہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد پر عمل در آمد اور کشمیری عوام کی مرضی جاننے کے لئے استصواب رائے کرانے پر بھی زور دیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے پاکستان اور ہندوستان کے مابین کشیدگی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس حوالے سے ان کا دفتر موجود ہے ۔ بان کیمون نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل کے لئے مذاکرات کی ضرورت پر زور بھی دیا ۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ نئے تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے اور اگر کہا جائے تو افغانستان میں مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں تعاون کے لئے تیار ہے ۔ نواز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو چاہئے کہ وہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی روکنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے، ہندوستانی رویے سے خطے اور عالمی امن کے لئے خطرات پیدا ہورہے ہیں ، نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور یہ کہ وہ افغانستان کے ساتھ نئے تعلقات قائم کرنے کا خواہاں ہیں۔

PM Nawaz urges UN chief for plebiscite in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں