پی ٹی آئی
بہار اسمبلی انتخابات سے قبل مرکز کے1.25لاکھ کروڑ روپے کے پیکیج پر الزامات کے تبادلہ کے دوران چیف منسٹر نتیش کمار نے آج ایک بار پھر مرکزی امداد کو پرانی اسکیمات پر مشتمل خیالی پیکیج قررا دیا، تاکہ رائے دہندوں کو متاثرکیاجاسکے۔ نتیش کمار نے مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کو آج روانہ کئے گئے ایک مکتوب میں اس خصوصی پیکیج پر اپنے سخت نظریات کا اظہار کیا۔ یہ خط28اگست کو ارون جیٹلی کی جانب سے نتیش کمار کو روانہ کئے گئے خط کے جواب میں تحریر کیا گیا ہے۔ جیٹلی کا خط4ستمبر کو چیف منسٹر کے دفترمیں موصول ہوا تھا ۔ نتیش کمار نے اپنے مکتوب میں جس کی ایک نقل میڈیا کو دستیاب کرائی گئی، کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ بہار کے لئے انتخابات سے عین قبل جس پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے ، وہ عوام کو متاثرکرنے خیالی اسکیمات پر مبنی ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نے گزشتہ18اگست کو آرا میں بہار کے لئے جس خصوصی پیکیج کا اعلان کیا تھا اسے یہاں روزانہ اخبارات میں اجاگر کیا جارہا ہے ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے ریاستی انتخابات میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کی انتخابی مہم میں ایک اہم مقام حاصل ہوگا۔نتیش کمار نے اپنے الزام کی تائید میں دلیل پیش کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزارت فینانس میں کوئی سر گرمی نہیں دیکھی جاتی ۔انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ آپ کی وزارت میں سائل تلاش کرنے کی کوئی کوشش نہیں دیکھی جارہی ہے جیسے کہ مرکزی بجٹ میں کوئی اضافی اختصاص فراہم نہ کرنا ہو۔ کمار نے خصوصی پیکیج میں شامل کئے گئے پراجکٹس کے موقف کو اجاگر کرنے ایک تفصیلی جدول بھی پیش کیا ۔ وزیر اعظم کے خصوصی پیکیج پر شدیدتنقید کے علاوہ نتیش کمار نے مرکزی وزیر فینانس کے نام اپنے مکتوب میں مرکزی حکومت کے اس دعویٰ پر بھی سوال اٹھایا کہ14ویں فینانس کمیشن کی سفارشات کے مطابق تفویض محاصل میں اضافہ سے بہار کو کوئی فائدہ پہنچے گا ۔ نتیش کما رنے پیکیج کے اصل سائز کے بارے میں استفسار کرتے ہوئے اجاگر کیا کہ 1.25لاکھ کروڑ روپے کے منجملہ1.08لاکھ کروڑ روپے کے فنڈس کا ریاست کو پہلے ہی تیقن دیاجاچکا ہے ۔ تاکہ جاریہ اور پہلے سے منظورہ ترقیاتی اسکیمات پر انہیں صرف کیاجاسکے ۔ انہوں نے الزام عائدکیا کہ یہی اعداد و شمار اب نئے فنڈ یا سرمایہ کے طور پر پیش کئے جارہے ہیں ۔
PM Modi's Rs 1.25 lakh cr package a myth to influence people: Nitish Kumar writes to Jaitley
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں