وزیراعظم مودی کے دو روزہ دورہ سلیکان ویلی کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-27

وزیراعظم مودی کے دو روزہ دورہ سلیکان ویلی کا آغاز

نیویارک
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی آج رات سلیکان ویلی پہنچے جہاں وہ عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کے قائدین اور سربراہوں سے ان کی کامیابی کا رازجاننے کی کوشش کریں گے ، اس مقصد کے ساتھ کہ ہندستان میں بھی اسی طرح کے اقدامات کئے جاسکیں ۔ سلیکان ویلی میں اپنے دو روزہ دورہ کے موقع پر مودی ہندوستانی برادری سے بھی خطاب کریں گے ۔ سان جوز کے ساپ سنٹرمیں 18500ہندوستانی امریکیوں سے خطاب کے بعد وزیر اعظم کا قافلہ ہندوستانی سفیر برائے امریکہ کی جانب سے ان کے اعزازمیں دئیے گئے عشائیہ کی طرف ہوگا جس میں ہندوستانی امریکی برادری کے کئی قائدین ملک بھر سے شرکت کررہے ہیں ۔ ہندوستانی امریکی برادری سے ملاقات کے درمیان مودی ٹسلا، فیس بک اور گوگل کے کیمپسوں کا بھی دورہ کریں گے اس کے علاوہ وہ سلیکان ویلی کی اعلیٰ ترین کارپوریٹ قیادت سے بھی ملاقات کریں گے جن میں ایپل کے ٹم کک، مائیکرو سافٹ کے ستیہ ناندیلا ، گوگل کے سندر پچائی ، اڈوب کے شانتا نو نارائن شامل ہیں ۔ مودی ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم ہیں جو سلیکان ویلی کا دورہ کررہے ہیں۔ آج رات مودی ہندوستانیوں کی جانب سے دئیے گئے عشائیہ میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ ٹسلا جائیں گے ۔ وزیر اعظم الیکٹرانکس کمیونیکشن اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی صنعتوں پر مبنی اس ویلی کا دورہ اس وجہ سے کررہے ہیں کہ وہ یہاں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہندوستان میں بھی اسی طرح کے اقدامات کرسکیں ۔ ہندوستان کے سفیر برائے امریکہ ارون کے سنگھ کو مودی نے اسی سال امریکہ کا سفیر بنایا ہے ۔ گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران انہوں نے سلیکان ویلی کے کئی دورے کئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی کے اس دورہ کو کامیاب بنانے کے لئے انہو ں نے کئی قائدین سے ملاقات کی۔ اس وقت سلیکان ویلی میں ابھی شروعات کرنے والی15فیصدکمپنیوں میں ہندوستانی کمپنیاں شامل ہیں اس لئے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید بہتر بنانے پر زوردیاجارہا ہے ۔ وزیر اعظم کے دورہ سلیکان ویلی سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو کافی بڑھاوا ملے گا ۔ ہندوستان کے سفیر نے بتایا کہ ایپل کے سی ای او سے ملاقات مودی ٹسلا سے واپس آنے کے بعد کریں گے ۔ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے کے خواہشمند تاجروں اور صنعت کاروں میں سسکو کے جان چیمبرس، کوالکم کے پال جیکب بھی شامل ہیں ۔ ہیکر اسکوائر پر فیس بک کے ہیڈ کوارٹر میں اس کے سی ای او اور مارک زوکر برگ ، مودی کا استقبال کریں گے ۔ فیس بک کو اس ملاقات کے سلسلہ میں ہزاروں سوالات موصول ہوئے ہیں۔ برگ نے ان میں سے چند سوالات کا انتخاب کیا ہے جو وزیر اعظم سے پوچھے جائیں گے ۔ ان میں سب سے اہم سوال ہندوستان میں سوشل میڈیا کے رول سے متعلق ہے ۔ وزیر اعظم ہندوستانی برادری سے خطاب کے لئے کلیفوریا جائیں گے ۔ گزشتہ تیس برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ ہندوستان کے کسی وزیر اعظم نے کلیفوریا کا دورہ کیا۔ یہاں وہ18500تارکین وطن سے خطاب کریں گے ۔ ایک سال پہلے جب مودی نے امریکہ کا دورہ کیا تھا انہو ں نے میڈسن اسکوائر میں20ہزار ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں