وزیر اعظم نے جمہوریت کی بنیادوں کو فراموش کر دیا - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-13

وزیر اعظم نے جمہوریت کی بنیادوں کو فراموش کر دیا - راہول گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اراضی بل ایجی ٹیشن پر پارٹی کی جانب سے فتح ریالی کے انعقاد سے قبل کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ وہ جمہوریت کی بات کرتے ہیں، لیکن کسانوں اور مزدوروں کو فراموش کردیتے ہیں جو اس کی بنیاد ہیں ۔ راہول گاندھی نے دس جن پتھ پر شمالی ہند کے کسانوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی جمہوریت کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتے جو اس جمہوریت کو چلاتے ہیں ۔ وہ انہیں بھول جاتے ہیں ۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی بھی اس بات چیت کے دوران موجود تھیں۔ اس پروگرام کا انعقاد یوتھ کانگریس کی جانب سے عمل میں لایا گیا تھا تاکہ کسانوں کی جیت کا جشن منایاجاسکے ۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس کے شدید احتجاج کے سبب حکومت نے اراضی آرڈیننس کی مدت ختم ہوجانے دی اور دوبارہ کوئی نیا آرڈیننس جاری نہیں کیا ۔ راہول نے کہا کہ یہ کانگریس کی جیت ہے یوتھ کانگریس کے صدر امریندر سنگھ راجہ برار نے کہا کہ راجستھان ، دہلی، پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش جیسی ریاستوں کے400کسانوں نے صدر کانگریس اور نائب صدر سے ملاقات کی ، تاکہ اس مسئلہ پر ان سے اظہار یگانگت کرسکیں۔ کانگریس 20 ستمب رکو یہاں رام لیلا میدان پر کسان مزدور سمان ریالی کا اہتمام کرے گی تاکہ کسانوں اور پارٹی کارکنوں کو مبارکباد دی جاسکے جنہوں نے حکومت کو ظالمانہ اراضی آرڈیننس کی تجدید نہ کرنے پر مجبور کردیا ۔ ریالی سے قبل کانگریس، یوتھ ونگ کے کارکن آج10جن پتھ اور24اکبر روڈ پر پارٹی کے ہیڈ کوارٹرس پر جمع ہوئے تاکہ اپنی اس کامیابی کا جشن منا سکیں جس نے ان کے مطابق بی جے پی زیر قیادت حکومت کو یوپی اے کے اراضی قانون کی طرف واپس ہونے پر مجبور کردیا۔

Rahul Gandhi: PM Narendra Modi talks about democracy but forgets farmers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں