این ڈی اے حکومت میں اقلیتوں پر حملوں میں اضافہ کا الزام مسترد - نجمہ ہبت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-22

این ڈی اے حکومت میں اقلیتوں پر حملوں میں اضافہ کا الزام مسترد - نجمہ ہبت اللہ

حیدرآباد
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے آج ان الزاما ت کو مسترد کردیا کہ مرکز میں این ڈی اے کے بر سر اقتدار آنے کے بعد سے ملک بھر میں اقلیتوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔مرکزی وزیر نجمہ ہبت اللہ نے مسلم پرسنل لاء بورڈ کی متنازعہ دین اور دستور بچاؤ مہم پر راست تنقید سے گریز کیا۔ یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ حملوں کے واقعات میں اضافہ نہیں ہوا ہے ۔ کسی بھی مقام پر فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا ہے ۔ وہ مودی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد اقلیتوں پر حملہ کے واقعات میں اضافہ سے متعقل چند ماینا ریٹی گروپ کے الزامات سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دے رہی تھیں۔ اس طرح کے واقعات میں مبینہ اضافہ کے بعد آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے شروع کی گئی دین اور دستور بچاؤ مہم کے بارے میں پوچھے گئے ایک کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ کو اپنا کام کرنے دیجئے اور حکومت اپنا کام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ جو چاہے وہ کرسکتا ہے لیکن ہم چھپا کر کوئی کام کرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہوتی اگر مسلم پرسنل لاء بورڈ ،قوم( مسلمان) کی بہتری کے لئے کچھ کرتا ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹری کمیٹی کی جانب سے ابھی وقف بل وصول ہوا اس کا جائزہ لیا جائے گا اور اس بل کو بہت جلد پارلیمنٹ میں متعارف کرایاجائے گا۔ سابق حکومت نے وقف املاک کے تحفظ سے متعلق اس بل کو پارلیمنٹری کمیٹی کے حوالے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں چھ لاکھ ایکر وقف اراضی موجود ہیں ۔ اگر ان اراضیات کو فروغ دیاجائے تو اقلیتی بہبود کے تمام پروگرام بہ حسن خوبی انجام پائیں گے ۔ اس سمت میں کام جاری ہے۔ نجمہ ہبت اللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی نے مائنا ریٹیز فینانس کاروپریشن کے بجٹ کو دگنا یعنی15سو کروڑ سے تین ہزار کروڑ روپے کردیا ہے جبکہ سابق یو پی اے حکومت نے کارپس میں اضافہ نہیں کیا جب کہ اضافہ کا مطالبہ کیاجارہا تھا ۔ انہو ںنے الزام عائد کیا کہ کانگریس نے اپنے دور حکومت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی حقیقی ترقی پر توجہ نہیں دی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت، سماج کے تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔ اس کی مثال ماناس اور نئی منزل اسکیمات ہیں ان دو اسکیمات کو حال میں ہی متعارف کرایا گیا ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے آج کہا کہ ملک بھر میں موجود وقف املاک کی آمدنی سے مسلمانوں کی ترقی کی راہ میں حائل تمام مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ آج یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سچر کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق جو سال2006میں جاری کی گئی وقف اداروں سے حاصل ہونے والی آمدنی سالانہ12ہزار کروڑ روپے بتائی گئی ۔ اس آمدنی کے تحفظ اور اقلیتوں کی بہبود کی اسکیمات کو حکومت پر مالی بوجھ ڈالے بغیر روبہ عمل لایاجاسکتا ہے ۔ اس کے لئے ہم یقینی طور پر کوشاں ہیں ۔ سچر کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق چھ لاکھ ایکر وقف اراضیات، ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہیں لیکن ان میں سے کئی جائیدادوں پر قبضے ہوچکے ہیں ۔ ان قبضوں کو برخواست کرنے اور انہیں فروغ دینے کی بابت بل، پارلیمنٹ میں زیر التوا ہے ، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں اس بل کو منظور کرالیاجائے گا۔ نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ وہ وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو سے یہ کہہ چکی ہیں کہ وہ آنیو الے سیشن میں وقف بل کو متعارف کرائی جانے والی بلز کی فہرست میں شامل کرلیں۔ اگر کسی وجہ سے ایسا نہیں ہوتا ہے تو پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن میں اس وقف بل کو کسی بھی طرح منظور کرالیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیانل نے وقف املاک پر غیر مجاز قبضہ کرنے پر فی کس تین سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا کی سفارش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے نعرہ سب کا ساتھ سب کا وکاس کے مطابق وزارت اقلیتی امور اقلیتوں کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت چھ اقلیتی طبقات کی بہبود کے لئے کام کررہی ہے مگر ملک کی سب سے بڑی اقلیت ہونے کے ناطے مسلمانوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے ۔

Najma rubbishes allegations of rise in attacks on minorities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں