وزیراعظم مودی بات چیت کے لئے شرائط مسلط کرنے کے خواہاں - سرتاج عزیز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-09

وزیراعظم مودی بات چیت کے لئے شرائط مسلط کرنے کے خواہاں - سرتاج عزیز

اسلام آباد
پی ٹی آئی
ہند۔ پاک سیکوریٹی بات چیت سے قبل ایک اشتعال انگیز ریمارک کرتے ہوئے پاکستانی قومی سلامی کے مشیر سرتاج عزیز نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اسلام آباد کے ساتھ مذاکرات کے لئے شرائط مسلط کرنا چاہتے ہیں ، جب کہ پاکستان بات چیت کے ایجنڈہ میں کشمیر کو شامل کئے بغیر کسی بھی طرح کے مذاکرات کو قبول نہیں کرے گا ۔ عزیز کے حوالہ سے ڈان نیوز نے کہا کہ نریندر مودی نے مخالف پاکستان پلیٹ فارم پر انتخابی مہم چلائی اور اب چاہتے ہیں کہ پاکستان سے بات چیت کے لئے شرائط مسلط کریں ، لیکن ہم یہ ہرگز قبول نہیں کریں گے اور ہم نے نئی دہلی پر پہلے یہ بات واضح کردی ہے ۔ انہوں نے ساتھ ہی زور دے کر کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کسی بھی فوجی کاروائی کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔ سرتاج عزیز نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ قومی سلامتی مشیروں کی سطح پر بات چیت ہندوستان کے غیر لچکدار رویہ کی وجہ سے منسوخ ہوئی، کیوں کہ اس نے کشمیر پر گفتگو سے انکار کردیا تھا، عزیز نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ایجندہ کا حصہ بنائے بغیر ہندوستان کے ساتھ کوئی بھی بات چیت کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے پاکستان میں داؤد ابراہیم کی موجودگی کے بارے میں ہندوستان کے الزامات مسترد کردئے اور الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت والی حکومت روز اول سے ہی مخالف پاکستان پالیسی اختیار کئے ہوئے ہے۔ عزیز کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے ہیں جبکہ پاکستان رینجرس اور بارڈر سیکوریٹی فورس( بی ایس ایف) کے درمیان دہلی میں ڈائرکٹر جنرل سطح کی بات چیت اگلے روز ہونے والی ہے ۔ عزیز نے کہا کہ پاکستان ڈائرکٹر جنرل سطح کے مذاکرات کے دوران خطہ قبضہ پر ہندوستانی سپاہیوں کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا مسئلہ اٹھائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اجلاس اوفا اعلامیہ کا ایک حصہ ہے جب کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے ملاقات کرتے ہوئے باہمی روابط کو آگے بڑھانے مختلف اقدامات سے اتفاق کیا تھا۔ پاکستانی قومی سلامتی مشیر نے کہا کہ ملاقات کا مقصد خط قبضہ پر کشیدگی کو کم کرنا ہے اور2003ء کے جنگ بندی معاہدہ کی عمل آوری کا مسئلہ اس اجلاس میں اٹھایاجائے گا۔ عزیز نے کہا کہ ان کا ملک حملہ کے لئے ہندوستان کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا ۔ اسی دوران وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے خارجی امور طارق فاطمی نے چین کے سرکاری روزنامہ، گلوبل ٹائمز کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر نئی دہلی ماقبل شرائط پر زور دیتا رہا تو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ این ایس اے بات چیت سے قبل ہندوستانیوں نے کچھ شرائط مقرر کئے تھے کہ ہمیں کس سے ملنا چاہئے اور کس سے نہیں ملنا چاہئے ۔ یہ بین الاقوامی طریقہ کار کے خلاف ہے اس سے قبل پاکستان اور ہندوستان بات چیت کی تاریخ میں کبھی بھی کسی بھی جانب سے قبل از وقت شرائط مقرر نہیں کئے۔

Modi wants to dictate terms for India-Pakistan dialogue: Sartaj Aziz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں