مودی حکومت وعدے وفا کرنے میں ناکام - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-09

مودی حکومت وعدے وفا کرنے میں ناکام - سونیا گاندھی

نئی دہلی
یو این آئی
نریند رمودی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج کہا کہ مودی حکومت کہنی اور کرنی میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی خود قلا بازیاں کھاچکے ہیں جس سے الجھن پیدا ہوگئی ہے کہ وہ اصل میں چاہتے کیا ہیں۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی( سی ڈبلیو سی) اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نہرو میوزیم میں ردو بدل کی این ڈی اے حکومت کی تجویز کے بظاہر حوالہ سے حکومت پر تاریخ کو از سر نو لکھنے اور ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم کے ورثہ کو تباہ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ۔ اراضی آرڈیننس پر این ڈی اے حکومت کے یوٹرن کے حوالہ سے انہوں نے کہا کہ اراضی آرڈیننس پر یوٹرن اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت، زمینی حقائق سے واقف نہیں ہے ۔مودی حکومت جو کہتی ہے وہ کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ان کی پالیسی کا جارحانہ مذاق اڑاتے ہوئے وزیر اعظم نے قلابازیاں کھائی ہیں جس سے شبہ پیدا ہوگیا ہے کہ وہ اصل میں چاہتے کیا ہیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر سنگھ، نائب صدر کانگریس راہول گاندھی اور سینئر قائدین جیسے اے کے انٹونی اور موتی لال وودرا نے شرکت کی ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ اراضی آرڈیننس پر این ڈی اے حکومت کا یو ٹرن کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوںکے دباؤ کا نتیجہ ہے ، سونیا گاندھی نے کہا کہ ہماری پارٹی کی مسلسل مہم کے باعث حکومت، مخالف کسان ترامیم واپس لینے پر مجبور ہوئی۔ اس کا کریڈیٹ کانگریس پارٹی کے ہر ورکر کو جاتا ہے ۔ سونیا نے مزید کہا کہ میں تمام ہم خیال سیاسی جماعتون اور شہری سماج کے تمام ارکان کا ذکر کرنا چاہوں گی جنہوں نے اس لڑائی میں ہمارا ساتھ دیا ۔ ملک بھر میں لاکھوں کسانوں نے آرڈیننس کے خلاف انتھک مظاہرے اور احتجاج کیا۔ قبائلیوں کی فلاح و بہبود، خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود، لیبر قوانین ، ماحولیات و جنگلات کے تحفظ کے قوانین، آر ٹی آئی اور ہماری بڑی پہل منریگا بھی خطرہ میں ہیں اور ان کے لئے بھی ایسی ہی مہموں کی اب ضرورت ہے ۔ سونیا نے کہا کہ اب یہ تکلیف دہ حد تک واضح ہوچکا ہے کہ وزیر اعظم نے انتخابی مہم کے دوران جو وعدے کئے تھے ان میں بیشتر ہوا بازی کے سوا کچھ بھی نہیں ۔اس تناظر میں انہوں نے معیشت میں گراوٹ ، اہم اداروں کی گھٹتی خود اختیاری، ادیبوں اور ترقی پسند مفکرین پر حملوں اور ہندوستان کے پہلے وزیرا عظم جواہر لال نہرو کے ورثہ کی تباہی پر تشویش ظاہر کی۔ ملک کو گزشتہ ہفتہ واضح پیام مل گیا کہ این ڈی اے حکومت پر آر ایس ایس کا راست کنٹرول ہے ۔
نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس ورکن کمیٹی نے جو پارٹی کا اعلیٰ ترین فیصلہ سازا ادارہ ہے ، آج سونیا گاندھی کی میعاد میں بحیثیت کانگریس صدر مزید ایک سال کی توسیع کردی ۔ اس سلسلہ میں اے آئی سی سی ہیڈ کوارٹرس میں سی ڈبلیو سی نے اپنے اجلاس میں قرار داد منظور کی۔ قرار داد کے مطابق کانگریس صدر کے عہدہ کے لئے الیکشن ایک سال کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے اور یہ آئندہ سال ہوگا ۔ اس طرح سونیا گاندھی کو بحیثیت پارٹی صدر ایک سال کی توسیع مل گئی ۔

'Hawaa Baazi,' Scoffs Sonia Gandhi on PM Narendra Modi's Poll Promises

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں