عظیم اتحاد میں سماج وادی پارٹی کے بر قرار رہنے کا یقین - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-05

عظیم اتحاد میں سماج وادی پارٹی کے بر قرار رہنے کا یقین - نتیش کمار

پٹنہ
پی ٹی آٗی
آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو آج دہلی کے لئے روانہ ہوئے تاکہ سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ کو مناسکیں جن کی پارٹی نے کل مخالف بی جے پی اور نوزائیدہ عظیم اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی ۔ لالو، جن کے اتر پردیش کے مرد آہن کے ساتھ خاندانی تعلقات بھی ہیں، آج دوپہر یہاں سے روانہ ہوگئے تاکہ ملائم سنگھ کو اتحاد میں برقرا ررہنے کے لئے منا سکے تاہم انہوں نے میڈیا کے سوالات کا جواب دینے سے انکار کردیا ۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی نے اتحاد کے بڑے شراکت داروں کی جانب سے توہین کی شکایت کرتے ہوئے کل اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی اور بہار اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بہار میں نشستوں کی تقسیم کے سلسلہ میں اس سے مشاورت نہیں کی گئی اور243رکنی اسمبلی میں جنتادل کو100 نشستیں ، آر جے ڈی کو98اور کانگریس کو 40نشستیں الاٹ کی گئیں جب کہ سماج وادی پارٹی کے لئے صرف پانچ نشستیں چھوڑی گئیں جو اس کے لئے ناکافی ہیں ۔ اسی دوران چیف منسٹر نتیش کمار نے اس اعتماد کااظہار کیا ہے کہ اس مسئلہ کو حل کرلیاجائے گا اور سماج وادی پارٹی سیکولر اتحاد میں دوبارہ لوٹ آئے گی ۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم یہ پتہ چلانے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر ایسا کیا ہوا تھا کہ سماج وادی پارٹی نے عظیم اتحاد سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے میری ملائم سنگھ سے بات چیت ہوئی تھی۔ مجھے قطعی اندازہ نہیں ہوا کہ سماج وادی پارٹی اتحاد ختم کرنے کا فیصلہ کرے گی ۔30اگست کو سوابھیمان ریالی میں پارٹی کی نمائندگی کے لئے شیو پال سنگھ یادو(ملائم سنگھ کے چھوٹے بھائی اور اتر پردیش کے وزیر) کو روانہ کیا گیا تھا ۔ سماج وادی پارٹی نے ابھی کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔

Lalu, Sharad meet Mulayam to save Bihar alliance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں