ہندوستان پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں - مرکزی وزیر داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-22

ہندوستان پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں - مرکزی وزیر داخلہ

جموں
یو این آئی
مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج پڑوسی ممالک چین اور پاکستان کے ساتھ بہتر اور دوستانہ تعلقات کو تمام مسائل کے حل کے لئے ناگزیر قرار دیا ۔ جموں و کشمیر کے ضلع سانبا میں نئے آئی ٹی بی پی کیمپس کی افتتاح کرنے کے بعد آئی ٹی بی پی جوانوں سے خطاب کے دوران راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بہتر اور خوشگوار تعلقات چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین اور پاکستان دونوں سے تعلقات سدھارنا چاہتے ہیں ۔ سرحدی تنازعہ اور دہشت گردی جیسے مسائل کو بات چیت کے ذریعہ ہی سلجھایاجاسکتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چین اور پاکستان سے بہتر تعلقات کے بغیر بر صغیر ہند میں امن و ترقی ممکن نہیں ۔ پروگرام کے دوران نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندستان ہمیشہ سے پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں رہا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان پہل کرے۔ ہندوستان کی سلامتی اور وقار کا احترام کیاجانا چاہئے ۔ یہ ہماری ترجیح ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ روابط کے لئے ہی تقریب حلف برداری کے موقع پر ہمسایہ ممالک کو مدعو کیا تھا ۔ نریندر مودی نے چین کے ساتھ بھی بات چیت کی پہل کی تھی حالانکہ انہوں نے یہ بھی واضح کردیا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین تمام اہم مسائل کا حل نکالاجانا چاہئے اور سرحد پر در اندازی بھی رکنی چاہئے۔ مرکزی وزیر داخلہ جموں و کشمیر کے سہ روزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں جہاں وہ جموں میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور خطہ لداخ میں چین کے ساتھ لگنے والی حقیقی خطہ قبضہ پر حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ ہندوستانی رشی منیوں کے وسودیو کٹم بکم(ساری دنیا ایک کنبہ ہے) کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے امن پسند ملک رہا ہے اور دنیا کے تمام ممالک کو اپنا کنبہ سمجھتا ہے۔ ہم صرف اپنی سرحد کی حفاظت کرنے میں یقین رکھتے ہیں ۔ ہندوستان سرحدوں میں توسیع کرنے پر یقین نہیں رکھتا ۔ ہم نے کبھی سرحد میں توسیع کی ہے، نہ کررہے ہیں اور نہ مستقبل میں کریں گے؟ پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے قول دوست بدلے جاسکتے ہیں پر پڑوسی بدلے نہیں جاتے کو دہراتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان سرحدوں کی توسیع پر یقین نہیں رکھتی ہے ۔ ہند۔ چین سرحد پر سڑک رابطہ کی کمی کو بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ پہلے804کلو میٹر سڑک بنانے کا حکم ہوا تھالیکن کچھ وجوہ سے صرف151کلو میٹر سڑک بن سکی۔ اب دوسرے مرحلہ میں812کلو میٹر سڑک بنائی جائے گی۔ جموں و کشمیر کے لوگوں کی خاطر سیکوریٹی فورسیز میں بھرتی کے لئے لمبائی میں چھوٹ کا اعلان کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ دیگر ریاستوں میں مردوں کو170سنٹی میٹر کے مقاببلے یہ لمبائی165سینٹی میٹر ہوگی اور خواتین میں157سنٹی میٹر کے مقابلے155سنٹی میٹر ہوگی۔ سیکوریٹی فورسیز کے جوانوں کی دشواریوں کو دور کرنے کا بھروسہ دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مواصلاحات کی سہولت کے لئے ٹاور لگانے کے ساتھ ہی سڑک رابطہ بھی بڑھایاجارہا ہے ۔ ہم ا پنے فورسز کو جدید ترین ہر طرح کے اسلحوں سے لیس کرنا چاہتے ہیں۔ فورس کی فلاح و بہبود کے لئے ڈائرکٹر جنرل کی سط کا فنڈ پانچ کروڑ روپے سے بڑھا کر20کروڑ کیاجارہا ہے۔ آئی ٹی بی پی کے جوانوں کو ہمالیہ کا بیٹا قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ ہمالیہ کی گود میں رہ کر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کررہے ہیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بر صغیر میں امن اور ترقی کی غیر موجودگی میں چین اور پاکستان سے تعلقات بہتر ہونا مشکل ہے ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اور آئی ٹی بی پی اور بی ایس ایف کے ڈائرکٹر جنرلز بھی موجود تھے ۔

India wants cordial relations with Pakistan: Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں