دبئی ہندوستانی کمپنیوں سے تجارتی شراکت میں توسیع کا خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-05

دبئی ہندوستانی کمپنیوں سے تجارتی شراکت میں توسیع کا خواہاں

دبئی
پی ٹی آئی
دبئی کا فینانشیل فری زون آئندہ 10برسوں میں زائد از100ہندوستانی کمپنیوں سے تجارتی اشتراک کا منصوبہ رکھتا ہے تاکہ ہندوستان کے ابھرتے ہوئے بازاروں کے ساتھ ایک پائیدار اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دیاجاسکے۔ دبئی انٹر نیشنل فینانشیل سنٹر(ڈی آئی ایف سی) اپنے2024ترقی کی حکمت عملی کے حصہ کے طور پر ہندوستانی کمپنیوں کی تعداد کو2024ء تک 20سے بڑھا کر100کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ سنٹر نے چہار شنبہ کو ممبئی میں سرکردہ ہندوستانی تاجرین کے ساتھ اپنے ایک ہفتہ طویل مذاکرات کے اختتام پر ایک بیان میں یہ بات کہی ۔ ڈی آئی ایف سی اتھاریٹی کے ڈپٹی چیف اگزیکٹیو آفیسر عارف عامری نے کہا اس سال ہمارے دوسرے دورہ ممبئی کے موقع پر ڈی آئی ایف سی نے ہندوستان کے ابھرتے ہوئے مارکٹ کے ساتھ دیرپا اور طویل شراکت داریوں کو فروغ دینے اور برقرار رکھنے اپنے عہد کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا 2024ترقی کی پر عزم حکمت عملی کے ساتھ ہم ہندوستانی بینکوں ، انشورنس ، لا کمپنیوں اور ویلتھ منیجرس کے لئے ایک اہم رول ادا کرنا چاہیں گے ۔ اور ساتھ ہی ساتھ ایک سرکردہ عالمی مالیاتی مرکز بننے اور اپنی خدمات کو توسیع دینے کی کوشش کریں گے۔ سنٹر کی جانب سے یہ پہل وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے فوری بعد سامنے آئی ہے ۔ گزشتہ ماہ اپنے دورہ یو اے ای نے نریندر مودی نے باہمی معاشی تعلقات کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا۔ ڈی آئی ایف سی مشرق وسطی، افریقہ اور جنوبی ایشیا کے لئے ہندوستانی سرمایہ کاروں کے لئے ایک موزوں راستہ کی حیثیت رکھتا ہے جو فی الحال20ہندوستانی بینکوں ، مالیاتی اداروں کی میزبانی کررہا ہے ۔ ڈی آئی ایف سی دنیا میں مالیاتی کمپنیوں کی تیسری سب سے بڑی کمیونٹی ہے جو ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ مضبوط تال میل کی خواہاں ہے ۔

DIFC to host 100 Indian firms as part of long-term strategy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں