یمن میں 70 ہندوستانی پھنس گئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-14

یمن میں 70 ہندوستانی پھنس گئے

نئی دہلی، احمد آباد
پی ٹی آئی
ہندوستان نے آج کہا ہے کہ وہ یمن سے اپنے شہریوں کی بحفاظت انخلا ء کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کررہا ہے ۔ ملاحوں کے ایک گروپ نے ادعا کیا ہے کہ گجرات سے تعلق رکھنے والے70ملاح جنگ زدہ ملک میں پھنسے ہوئے ہیں جس کے بعد یہ بات کہی گئی ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ان ہندوستانیوں کو بچانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ یمن میں ہمارا مشن(جبوٹی کا کیمپ آفس) صورتحال سے واقف ہے اور ہندوستانیوں کی بحفاظت انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے قدم اٹھارہا ہے ۔ گجرات میں ملاحوں کے ایک گروپ نے کہا کہ کچھ کے ساحلی گاؤں منڈاوی اور جام نگر کے دیہاتوں جوڑیہ اور سلاوا سے تعلق رکھنے والے تقریبا70ملاح گزشتہ15دنوں سے یمن کی کھوکھا بندرگاہ میں پھنسے ہوئے ہیں جہاں وہ پانچ کشتیوں میں کارگو پہنچانے کے لئے گئے تھے ۔ یہ اطلاع ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب چند دن قبل چھ ہندوستانی جن میں سے بیشتر تعلق گجرات سے تھا ہلاک ہوگئے جن کی کشتی عرب ملک میں سعودی زیر قیادت اتحاد حملوں کی زد میں آگئی ۔ ماہی گیروں کی اسوسی ایشن کے صدر حاجی جنیجا نے کہا کہ انہیں ایک پریشان کن فون کال موصول ہوا۔5پھنسی ہوئی مال بردار کشتیوں کے عملہ سے ایک رکن سکندر نے یہ کال کئے اور ویڈیو کلپس بھی بھیجے ۔ آج صبح موصولہ ان ویڈیو کلپس میں بتایا گیا کہ ہندوستانی مال بردار کشتیاں ساحل پر لنگر انداز ہیں اور یہاں بم دھماکے ہورہے ہیں ۔ سکندر کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ طیاروں سے ہونے والی چھ راؤنڈ بمباری میں وہ بال بال بچ گئے ۔ اس نے مزید کہا ہمیں کسی طرح بچاؤ ، وہ ہمیں ہلاک کردیں گے، ہم یہاں70ہندوستانی ماہی گیر پھنسے ہوئے ہیں ۔

70 sailors from Gujarat stranded in war-torn Yemen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں