بحری مشقوں کے لیے ہندوستان بحریہ کے مغربی بیڑہ کی کویت آمد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-09-14

بحری مشقوں کے لیے ہندوستان بحریہ کے مغربی بیڑہ کی کویت آمد

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستانی بحریہ کے جہاز دیپک ، دہلی، تبر اور تریشول کو دو طرقہ تعلقات کو فروغ دینے اور دوستانی علاقائی بحری فوجوں کے ساتھ بحری مشقیں کرنے کے لئے ایک ماہ کے واسطے خلیج میں تعینات کیاجارہا ہے ۔ دورہ کرنے والے یہ بحری جہاز ہندوستانی بحریہ کے مغربی بیڑے کا حصہ ہیں اور ان کا قیام ممبئی میں ہے ۔ ان چار بحری جہازوں میں سے آئی این ایس دیپک اور آئی این ایس تبرآج کویت میں داخل ہوگئے ہیں اور16ستمبر تک وہیں رہیں گے ۔ اس دوران وہ تعاون میں اضافہ اور بحری آپریشنوںکے مختلف پہلوؤں پر پروفیشنل بات چیت کریں گے ۔ ان میں آفات کے انتظام اور دہشت گردی و قزاقی کے خطرات کا سامنا کرنا بھی شامل ہے ۔ پروفیشنل بات چیت کے علاوہ کھیلوں اور سماجی تقریبات کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے جن کا مقصد بحری فوجوں کے درمیان تعاون اور مفاہمت میں اضافہ کرنا ہے۔ خلیجی ممالک کے ساتھ سمندری بات چیت اور سمندری تعلقات کے سلسلے میں ہندوستانی روایات بہت قدیم ہیں ۔ یہ چار ہزار قبل مسیح سے ہی جاری ہیں ۔ ہندوستانی بحریہ کی صلاحیت کثیر جہتی ہے۔ اس کے پاس طیارہ بردار اور جدید سمندری جہاز، آب دوز کشتیاں، طیارے اور سمندری کمانڈوز ہیں ۔ ہندوستانی بحریہ کے خلیجی ملکوں کی تمام بحری فوجوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں اور ان میں سے کئی کے ساتھ اس کی باقاعدہ مشقیں چلتی ہیں ۔ ہندوستانی بحریہ خطے میں کئی بحری فوجوں کو تربیت اور ہائیڈرو گرافک تعاون بھی فراہم کراتی ہے ۔ ہندوستان اور کویت کے روایتی طریقے سے قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں ۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون میں سائنس اور ٹکنالوجی ، آئیل ریفائننگ کے شعبے شامل ہیں اور دفاعی تعاون کے علاوہ وقفے وقفے سے یہ سمیناروں اورسمپوزیم کا انعقاد بھی کرتے ہیں ۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون فوجی دوروں، بحریہ کے افسروں کی تربیت اور بحری جہازوں کے بندرگاہوں کے دوروں میں اضافہ ہونے سے ظاہر ہوتا ہے ۔ ہندوستان اور کویت انڈین اوشن نیول سمپوزیم(آئی او این ایس) کے رکن بھی ہیں جو کہ بحر ہند خطے کے35ممالک کے درمیان ایک رضاکارانہ اور کو۔آپریٹیو پہل ہے جو سمندری معاملات کے بارے میں معلومات کے تبادلے اور تعاون کے لئے ایک بہترین فورم ثابت ہوا ہے ۔ موجودہ دورے کا مقصد خلیج میں دوست ممالک کے ساتھ ہندوستان کی پر امن موجودگی اور اتحاد پر زور دینا اور ہندوستان اور کویت کے درمیان دوستی کے موجودہ تعلقات کو مستحکم کرنا ہے ۔

Indian Warships Deployed to Kuwait for Naval Exercises

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں