طیارہ حادثہ میں القاعدہ لیڈر اسامہ کے رشتہ داروں کی موت معمہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-03

طیارہ حادثہ میں القاعدہ لیڈر اسامہ کے رشتہ داروں کی موت معمہ

لندن
پی ٹی آئی
اسامہ بن لادن کے تین ارکان خاندان کی موت پر ہنوز راز کے پردے ہیں اور یہ بات معمہ بنی ہوئی ہے کہ معمول کے موسم اور رن وے کی بہتر حالت کے باوجودبرطانیہ میں ان کا طیارہ حادثہ سے کیسے دوچار ہوا ۔ اس طیارہ میں اسامہ بن لادن کی سوتیلی ماں اور سوتیلی بہن بھی سوار تھیں۔ یہ طیارہ جو لندن سے65کیلو میٹر دور ہمشپائر کے بلیک بش ایر پورٹ پر اترنے کی کوشش کررہا تھا فلائی بائی وائر الیکٹرانک سسٹم سے لیس تھا جو طیارہ پر کنٹرول میں سہولت پہنچاتا ہے ۔ جمعہ کے روز برطانیہ میں ایک پرائیویٹ طیارہ حادثہ کا شکار ہوا جس میں ایک اردنی اور تین سعودی شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں ۔ فضائی حادثات کی تاریخ میں یہ کوئی قابل ذکر سانحہ ہو نہ ہو مگر سعودی عرب کے شہرت یافتہ ارب پتی بن لادن خاندان کی تاریخ کا یہ تیسرا المناک حادثہ ہے کیونکہ اس سے قبل بھی دو ایسے ہی حادثات میں بن لادن خاندان کے اہم افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔ ذرائع نے بن لادن خاندان کے ساتھ پیش آئے ان تین فضائی سانحات پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز برطانیہ میں ایک ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہونے والے پرائیوٹ طیارہ میں القاعدہ کے بانی رہنما مقتول اسامہ بن لادن کی ایک سوتیلی ہمشیرہ سناء محمد بن لادن ، ان کے شوہر ڈاکٹر زبیر ہاشم، سوتیلی ماں رجا ہاشم اور اردن سے تعلق رکھنے والے ہوا باز مازن عقیل الدعجہ شامل ہیں ۔ برطانوی اخبار ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بن لادن خاندان کے حادثے کے شکار ہونے والے طیارے کے ھادثے کے وقت عینی شاہدین کے کچھ بیانات نقل کئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک دھماکے کی آواز کے ساتھ جہاز کے انجنوں کی گرجدار آوازیں سنیں۔ یاد رہے کہ خوفناک حادثہ کا شکار ہونے والا بد قسمت طیارہ برازیل کی امپرائر نامی طیارہ ساز کمپنی نے2008میں تیار کیا تھا ۔ اس کے بعد اسے117مرتبہ فروخت کے لئے پیش کیا گیا ۔ اس نوعیت کے ہلکے طیارے عموما ارب پتی تاجر اپنے سفر کے لئے استعمال کرتے ہیں ۔ اسی طرح کا ایک طیارہ سیسنا کے نام سے مشہور ہے ۔ دو انجنوں والے اس طیارے کو سعودی عرب کی ایک نجی سالم ایئر لائن فرم نے2010میں خرید کیا۔ بن لادن خاندان کے تین ارکان کی برطانیہ میں طیارہ حادثہ میں موت پہلا واقعہ نہیں بلکہ فضائی حادثات میں اموات اس خاندان کا مقدر دکھائی دیتی ہے۔ یہ اس نوعیت کا تیسرا حادثہ ہے جس میں تین جانیں چلی گئیں۔ اس سے قبل اسامہ بن لادن کے خاندان کے جد امجد محمد بن عوض بن لادن1967میں59برس کی عمر میں طائف کے قریب ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کل22خواتین کے ساتھ شادیاں کیں جن سے اسامہ بن لادن ، سالم، یسلم، یحیی، علی، سعدی سمیت55بیٹے بیٹیاں ہوئیں۔ بن لادن خاندان کا یہ پہلا فضائی حادثہ تھا ۔ دوسرا حادثہ امریکہ میں1988میں ہوتا ہے جس میں عوض بن لادن کے بڑے بیٹے سالم لقمہ اجل بنے۔ سالم کی برطانوی نژاد بیوہ کیرولین کاری شوہر کی وفات کے بعد(دیور) خالد بن لادن سے شادی کرلی تھی ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خالد بن لادن بھی ہوائی جہازوں کا رسیا تھا اور اسکا امریکہ میں اپنا ایک چھوٹا ہوائی اڈہ بھی ہے۔ بن لادن خاندان کے برطانیہ میں تیسرے فضائی سانحہ پر سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر شہریوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔

Bin Laden Family Members Killed in Mysterious Plane Crash

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں