بغداد کی پر ہجوم مارکٹ میں ٹرک بم دھماکہ - 72 افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-14

بغداد کی پر ہجوم مارکٹ میں ٹرک بم دھماکہ - 72 افراد ہلاک

بغداد
اے پی
بغداد میں شیعہ اکثریتی علاقہ کی ایک فوڈ مارکت میں بھیانک ٹرک بم دھماکہ ہوا ۔ پولیس عہدیداروں نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ کم از کم72افراد ہلاک ہوئے ۔ داعش نے ٹرک دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ شیعوں کے ایک اجتماعی مقام کو نشانہ بنایا گیا تھا ۔ داعش گروپ نے اس کے ساتھ ہی مزید حملوں کا عزم ظاہر کیا ۔ عہدیداروں نے یہ بھی بتایا کہ کم از کم152افراد زخمی ہوئے ۔ عراقی دارالحکومت میں یہ مارکٹ غذائی مصنوعات کا سب سے بڑا مرکز ہے ۔ علاقائی شیعہ برادری فوری متاثرین کی مدد کے لئے دوڑ پڑی ۔ ان کے ہاتھوں میں کوڑا کرکٹ لے جانے والے بیاگس تھے جن میں نعشیں بھری تھیں ۔ بعض نعشیں کمبل میں بھی لپیٹ کر لے جاتے دیکھا گیا ۔ زخمیوں کو مقامی ہاسپٹلس کو ایمبولنس اور خانگی گاڑیوں کے ذریعہ منتقل کیا گیا ۔ دھماکہ سے مارکٹ کا بہت بڑا علاقہ متاثر ہوا اور چوبی دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں ۔ دھماکہ کے بعد چاروں جانب سبزیوں کے علاوہ میوہ جات بکھرے پڑے دیکھے گئے ۔ فائر انجن ہنوز آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور ایمبولنس گاڑیاں اب بھی زخمیوں کو ہاسپٹل منتقل کررہی ہیں۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ جمعرات کو خصوصی طور پر مارکٹ میں صارفین کا زبردست ہجوم رہتا ہے ۔کیونکہ خریدار دیگر صوبوں سے اپنے اسٹاک کی خریداری کے لئے آتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ ایسے ٹرک کے ذریعہ کیا گیا جس میں سبزیوں کو ٹھنڈک پہنچانے کے لئے ریفریجریشن کا انتظام ہوتا ہے ۔ اسی سبب غذائی مصنوعات منتقل کرنے والے ٹرکس سے یہ مختلف نہیں لگا۔ حسن حامد نامی منی بس ڈرائیور نے بتایا کہ دھماکہ کے وقت وہ اسی علاقہ میں موجود تھا ۔ دھماکہ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کی منی بس10میٹر دور جاگری ۔ ہاسپٹل بیڈ سے بذریعہ فون بات چیت کرتے ہوئے حسن نے بتایا کہ وہ زخمی ہوگیا اور زیر علاج ہے۔ حسن نے یہ بھی بتایا کہ میں نے اپنی زندگی میں ایسا دھماکہ کبھی نہیں دیکھا ۔ 3بچوں کے والد اور37سالہ ڈرائیور نے بتایا کہ میں نے بعض گاڑیوں کو آسمان کی جانب اڑتے دیکھا ۔ اس کے ساتھ ہی پورا علاقہ شعلہ پوش ہوگیا ۔ 4ہاسپٹلس کے عہدیداروں نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر اموات کی تعداد کی توثیق کردی ہے ۔ داعش سے مربوط ٹائٹر اکاؤنٹ پر ایک پیام میں کہا گیا کہ دھماکو اشیا سے لدے پارک کئے ہوئے ایک ٹرک کو دھماکہ سے اڑا دی اگیا ۔ پیام میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ داعش گروپ شیعہ منکرین کو وہی سبق سکھائے گی اور ان کی وہی حالت کرے گی جنہوں نے ہمارے مسلم برادران کے ساتھ بد ترین سلوک کیا ہے ۔

Truck Bomb Targeting Shiites Kills 67 at Baghdad Market

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں