حیدرآباد میں یوم آزادی تقریب کے موقع پر فوج کی جانب سے ہتھیاروں کی نمائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-14

حیدرآباد میں یوم آزادی تقریب کے موقع پر فوج کی جانب سے ہتھیاروں کی نمائش

حیدرآباد
یو این آئی
یوم آزادی کے سلسلہ میں فوج اور ایر فورس14 اور15اگست کو دو روزہ پروگرام کا انعقاد کررہی ہے ۔ اطلاع کے مطابق14اگست کو صبح 9سے شام4بجے تک بائسن ڈیویژن کی جانب سے آرمی پریڈ گراؤنڈ اور مہدی پٹنم پر واقع چھاؤنی پر ہتھیاروں اور آلاتحرب کی نمائش منعقد کی جارہی ہے تاکہ عام عوام میں بیداری لائی جاسکے اور نوجوانوں کو فوج میں شمولیت کیجانب راغب کیاجاسکے ۔ ایک بیان میں یہ بات کہی گئی۔ اطلاعات کے مطابق اس نمائش کا تقریبا10ہزار اسکولی بچے صبح کے وقت مشاہدہ کریں گے اور بعد میں اسے دوپہر میں عام عوام کے لئے کھولاجائے گا ۔ اس کے علاوہ گولکنڈہ کا آر ٹیلری سنٹر بھی گولکنڈہ کے احاطے میں طلبا اور عوام عوام کے لئے ہتھیاروں اور آلات کی نمائش کا اہتمام کررہاہے اسی طرح ایر فورس اسٹیشن حکیم پیٹ بھی ایر کرافٹ ہتھیاروں، زینی آلات کی نمائش کے علاوہ ڈیرڈیولس ٹیم کی جانب سے اسکائی ڈائیونگ مظاہرہ کا بھی انعقاد کرے گا ، ساتھ ہی14اگست کو ایر فورس میوزیم حکیم پیٹ پر اسکولی اور کالج کے طلبا کے لئے ایک نمائش کا اہتمام کیاجائے گا۔ شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے15اگست کی صبح پریڈگراؤنڈ سکندر آباد کے قریب واقع وار میموریل پر ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیاجائے گا۔ اس تقریب کی صدارت تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کریں گے ۔ اس تقریب میں تینوں افواج کے ریٹائرڈ افسران اور موجودہ سینئر افسران بھی شریک رہیں گے ۔ اس سے قبل تمام مذاہب کو ماننے والوں کی دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیاجائے گا ۔ آرمی پریڈ گراؤنڈسکندر آباد پر ای ایم ای سنٹر کی جانب سے اور گولکنڈہ میں آرٹیلری سینٹر کی جانب سے عام عوام کے لئے ملٹری بینڈ مظاہرہ کا بھی شام کے وقت انعقاد ہوگا ۔ فوج نے توقع ظاہر کی کہ لوگ ان پروگراموں میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر حب الوطنی کی روح کو جگائیں گے اور ساتھ ہی نوجوان، مسلح افواج میں شرکت کی جانب راغب ہوں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں