تلنگانہ - یوم آزادی تقاریب قلعہ گولکنڈہ میں ہی منعقدکرنے کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-04

تلنگانہ - یوم آزادی تقاریب قلعہ گولکنڈہ میں ہی منعقدکرنے کا اعلان

حیدرآباد
آئی اے این ایس
حکومت تلنگانہ مسلسل دوسرے سال بھی یوم آزادی تقاریب تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں منعقد کرے گی ۔ پریڈ گراؤنڈ میں تقاریب کے دوبارہ انعقاد کی تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت نے پیر کے دن اعلان کردیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ، قلعہ میں قومی پرچم لہرائیں گے ۔ چیف سکریٹری راجیو شرما نے اصل سرکاری تقریب کے انتظامات کے جائزہ کے لئے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس منعقد کیا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ چیف منسٹر ، پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں یادگار شہیدان پر خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد صبح10بجے قلعہ میں ترنگا لہرائیں گے ۔ سال گزشتہ کی طرح قلعہ میں کوئی مارچ پاسٹ اور جھانکی نہیں ہوگی ۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ تقاریب میں تلنگانہ کے مالا مال کلچر کو اجاگر کیا جائے گا۔ پریڈ گراؤنڈ پر یوم آزادی تقاریب کی زائد از50سال قدیم روایت ترک کرتے ہوئے چیف منسٹر نے گزشتہ سال قلعہ میں قومی پرچم لہرایا تھا تاکہ تلنگانہ کے مالا مال ورثہ کی عکاسی ہو۔ انہوں نے تلنگانہ کے علیحدہ ریاست بننے کے بعد پہلی یوم آزادی تقاریب کے لئے قدیم قلعہ گولکنڈہ کا انتخاب کیا تھا۔یوم آزادی تقاریب ریاست آندھرا کے تلنگانہ میں انضمام اور تشکیل آندھرا پردیش کے بعد1956سے پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہوتی رہی ہیں۔ قلعہ گولکنڈہ 1518تا1687قطب شاہی سلطنت کا دارالخلافہ تھا۔ یہ قلعہ ورنگل کے کاکتیہ راجاؤں نے10ویں صدی میں مٹی سے تعمیر کیاتھا جسے بعد ازاں قطب شاہی سلاطین نے پختہ بنایا تھا۔

Telangana government would organise the Independence Day celebrations this year in the historic Golconda Fort

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں