بیروزگار نوجوانوں کو تربیت دینے ضلعی مراکز کے قیام کا فیصلہ - تلنگانہ حکومت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-27

بیروزگار نوجوانوں کو تربیت دینے ضلعی مراکز کے قیام کا فیصلہ - تلنگانہ حکومت

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ریاستی وزیر انڈسٹریز جے کرشنا راؤ نے کہا ہے کہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کرنے کے لئے ہر ضلع میں صنعتوں کے قیام کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نئی صنعتی پالیسی کے تحت اضلاع میں بڑے پیمانے پر صنعتوں کے قیام کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے ۔ وزیر انڈسٹریز آج ضلع کلکٹر رنگا ریڈی میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ایس آئی پاس کے ذریعہ صنعتوں کے قیام کے ذریعہ درخواست پیش کرنے والوں کو ایک ماہ کے اندر اجازت نامے جاری کئے جارہے ہیں ۔ صنعتوںکے قیام کی منظوری انتہائی شفاف طور پر اور بد عنوانیوں سے پاک انجام دی جارہی ہے ۔آن لائن طریقہ کار سے صنعتوں کے قیام کی اجازت سے متعلق درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں۔ کرشنا راؤ نے بتایا کہ جاریہ سال فروری سے ضلع رنگا ریڈی میں اس اسکیم کے تحت176درخواستیں موصول ہوئیں جن میں174درخواستوں کو منظوری دیتے ہوئے صنعتوں کے قیام کی اجازت دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 174کمپنیوں کی جانب سے ضلع میں222کروڑ کی سرمایہ کاری کی گئی جس سے2970نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں4152چھوٹی صنعتوں کو منظوری دیتے ہوئے49535نوجوانوں کو روزگار دیا گیا ، اس میں1920ء کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں فی الوقت11مختلف مقامات پر صنعتوں کے قیام کے لئے3600ایکڑ اراضی دستیاب ہے ۔ وزیر انڈسٹریز نے کہا کہ ضلع میں بند صنعتوں کے دوبارہ احیاء کے لئے اقداما ت کئے جارہے ہیں ۔ بیروزگار نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مناسبت سے تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ تربیتی مراکز اضلاع رنگا ریڈی ، محبوب نگر ، اور حیدرآباد میں عنقریب قائم کئے جائیں گے ۔ دیہی اور منڈل سطح پر صنعتوں کے قیام کے لئے خصوصی ٹیمیں قائم کی گئی ہیں ، یہ ٹیمیں نوجوانوں میں صنعتوں کے قیام سے متعلق شعور بیدار مہم چلائیں گی ۔ صنعتوں کے قیام کے لئے آسان طور پر قرض کی حصولی کو یقینی بنایاجائے گا۔ اس خصوص میں ریاستی سطح کے بینکرسکا اجلاس بھی منعقد کیا جارہا ہے ۔ خواتین گروپ کی جانب سے تیار کردہ اشیا کی مارکٹنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے قیام کے ساتھ ٹاؤن شپ کی ترقی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔ کلکٹر رگھو نند ن راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کے قیام کے لئے ریاست کا سب سے سے موزوں ضلع رنگا ریڈی ہے جہاں بڑے پیمانے پر اراضی اور پانی کے علاوہ برقی کی سہولت موجود ہے ۔ ٹی ایس آئی پاس اسکیم کے تحت صنعتوں کے قیام کے لئے درخواستیں داخل کرنیو الوں کو ایک ماہ کے اندر اجازت نامے دئیے جائیں گے ۔ اس پروگرام میں کمشنر انڈسٹریز مانک راج ، ٹی ایس آئی آئی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر نرسمہا ریڈی اور دوسرے موجود تھے ۔

TS Govt will set up industries in all districts: Industries Minister Jupally Krishna Rao

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں