سشما سوراج ڈرامہ بازی میں ماہر - سونیا گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-08

سشما سوراج ڈرامہ بازی میں ماہر - سونیا گاندھی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ٹکراؤ میں شدت پیدا کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج کو ڈرامہ بازی میں ماہر قرار دیا ۔ قبل ازیں سشما سوراج نے للت مودی پر اپنا جذباتی دفاع کیا تھا ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ایک قدم آگے بڑھ کر سوال کیا کہ وزیر خارجہ بتائیں کہ سابق آئی پی ایل سربراہ کو جیل سے باہر رکھنے کے لئے ان کے خاندان کو للت مودی سے کتنی رقم ملی ۔ بی جے پی نے اس کے جواب میں کہا کہ عام خاندانوں کو اپنی روزی روٹی کے لئے محنت کرنی پڑتی ہے اور گاندھی خاندان اس سے مستثنی ہوسکتا ہے ۔ پارٹی نے یہ بھی کہا کہ سو نیا گاندھی کے ڈرامہ بازی کا لفظ استعمال کرنے سے پارلیمنٹ کی نفی ہوتی ہے۔ سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ ہاؤز کے باہر اخباری نمائندوں سے کہا کہ سشما سوراج ڈرامہ کررہی ہیں۔ وہ ڈرامہ بازی کی ماہر ہیں ۔ میں بھی للت مودی کی بیوی کی مدد کے لئے ہر ممکن کوشش کرتی لیکن قانون توڑ کر نہیں ۔ سشما سوراج نے اپنے جذباتی دفاع میں کہا تھا کہ انہوں نے للت مودی کی مدد نہیں کی بلکہ مودی کی کینسر سے متاثرہ بیوی کی مدد کی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا سونیا گاندھی ایسی صورتحال میں مختلف معاملہ کرتیں؟ راہول گاندھی نے بھی وزیر خارجہ کے خلاف اپنا موقف سخت کرتے ہوئے کہا کہ پورا معاملہ للت مودی سے جڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب چوری ہوتی ہے تو دو باتیں ہوتی ہیں ۔ جو بھی ہوتا ہے اس کی پردہ داری ہوتی ہے اور مالی لین دین ہوتا ہے ۔ سشما جی نے پردہ داری اور اپنی وزارت کو تاریکی میں رکھ کر کیا کیا ہے؟ سشما جی کو ملک کو بتانا ہوگا کہ ان کے خاندان، ان کی لڑکی اور ان کے شوہر نے للت مودی کو جیل سے باہر رکھنے کے لئے کتنی رقم حاصل کی ۔ راہول نے یہ بھی کہا کہ للت مودی معاملہ میں ان کی ماں، سشما سوراج جیسا معاملہ نہیں کرتیں ۔
نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل اسمرتی ایرانی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کی جانب سے وزیر خارجہ سشما سوراج کو ڈرامہ باز قرار دیے جانے کی آج شدیدتنقید کرتے ہوئے کہا کہ سونیا گاندھی نے اس طرح کا بیان دے کر بھارتیہ جنتا پارٹی کو ملنے والی عوامی تائید کی توہین کی ہے اور پارلیمنٹ کے وقار کو کم کیا ہے ۔ اسمرتی ایرانی نے آج پارلیمنٹ کے احاطے میں سونیا گاندھی کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کے سامنے اس خیال کا اظہار کیا ۔ خیال رہے کہ سونیا گاندھی کی زیر قیادت کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے گاندھی جی کے مجسمے کے سامنے آج چوتھے دن بھی دھرنا دیا، احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔ اس دوران سونیا گاندھی نے کہا کہ للت مودی کے معاملہ میں سشما سوراج ڈرامہ بازی کررہی ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ سونیا گاندھی کو اس طرح کا بیان نہیں دینا چاہئے ۔ انہوں نے یہ بیان دے کر وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کو ملنے والی عوامی تائید کی توہین کی ہے اور پارلیمنٹ کا وقار کم کیا ہے ۔ اسمرتی ایرانی نے لوک سبھا اسپیکر مہاجن کی رہائشگاہ کے روبر یوتھ کانگریس کے کارکنوں کے ذریعہ اپنی قمیص اتار کر احتجاج کئے جانے کے عمل کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کو اسی طرح کی تہذیب سکھائی ہے ۔ ایرانی نے یہ بھی کہا کہ کانگریس مودی حکومت کے ترقیاتی کاموں کو ہضم نہیں کرپارہی ہے اس لئے وہ بوکھلاگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریسی لیڈر ڈیڑھ گھنٹے کی بائٹ دے سکتے ہیں مگر ایوان میں دیڑھ گھنٹے کی بائٹ دے سکتے ہیں۔ مگر ایوان میں دیڑھ گھنٹے کے لئے بحث نہیں کرسکتے ہیں ۔

Sushma Swaraj expert in theatrics: Sonia Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں