سعودی آرامکو تیل کمپنی کی عمارت میں مہیب آگ - 11 ہلاک - 200 زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-31

سعودی آرامکو تیل کمپنی کی عمارت میں مہیب آگ - 11 ہلاک - 200 زخمی

ریاض
اے ایف پی
سعودی عرب کی سب سے بڑی آئیل کمپنی آرامکو کے ورکرس کی رہائشی عمارت میں آج صبح مہیب آگ بھڑک اٹھی جس میں تا حال ملنے والی اطلاعات کے مطابق کم از کم11افراد ہلاک اور تقریبا200دیگر زخمی ہوگئے جن میں مختلف قومیتوں کے افراد شامل ہیں ۔ سیول ڈیفنس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ چند زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔ سعودی عرب کے قومی تیل کمپنی، سعودی آرامکو ، نے ایک بیان میں کہا کہ الخبر میں ریڈیم رہائشی عمارت کے نچلے حصہ میں بھیانک آگ بھڑک اٹھی جس کا سبب فوری طور پر معلوم نہ ہوسکا ۔ آرامکو نے اپنے بیان میں کہا کہ الخبر کے رہائشی کمپاؤنڈ کے بیسمنٹ میں صبح5:45بجے آگ بھڑک اٹھی ۔ یہ عمارت سعودی آرامکو نے اس کے ملازمین کو گتہ پردی ہے ۔ سیول ڈیفنس محکمہ نے ایک بیان میں کہا کہ حادثہ میں11افراد ہلاک اور کم از کم219دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں چند کی حالت نازک ہے ۔ ایک عمارت کے بیسمنٹ میں ٹہرائی گئی کاریں اور وہاں موجود فرنیچر کو آگ لگ گئی جس کے بعد شعلے بھڑکنے لگے اور عمارت پر دھویں کے بادل چھا گئے ۔ محکمہ نے بیان میں کہا کہ آگ پر اگرچہ قابو پالیا گیا ہے تاہم گہرے دھویں کی وجہ سے بچاؤ کام میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ سعودی آرامکو میں جس کا ہیڈ کوارٹر دہران میں ہے 55ہزر سے زائد ملازمین بر سر خدمت ہیں ۔ ان میں اکثر وبیشتر غیر سعودی باشندے ہیں ۔ مہلوک یا زخمی ملازمین کی قومیتوں کی نشاندہی نہیں ہوسکی لیکن سمجھاجاتا ہے کہ یہ عمارت غیر ملکیوں کے زیر تصرف تھی ۔ آرامکو کی ویب سائٹ کے مطابق رہائشی عمارت 6منزلہ8عمارتوں اور486یونٹوں پر مشتمل ہے ۔ وزارت داخلہ کے ڈائرکٹوریٹ جنرل برائے سیول ڈیفنس نے متاثرین کی اکثریت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے کی توثیق کی ہے تاہم وزارت نے اس کی تفصیل نہیں بتائی ۔ خلیج کی بیشتر کمپنیوں کی طرح آرامکو کا زیادہ انحصار تارکین وطن ملازمین پر ہے ۔ آرامکو نے کہا کہ بعض زخمیوں کا علاج اسی مقام پر کیا گیا جہاں ایک ہنگامی خدمات کا مرکز قائم کردیا گیا جب کہ شدید جھلسے ہوئے افراد کو کمپنی کے اور دیگر مقامی ہاسپٹلوں میں منتقل کیا گیا ۔ وہاں بر سر خدمت ایک انجینئر صدیق نے کہا کہ انہوں نے کم از کم30ایمبولنس گاڑیاں زخمیوں خی مدد کے لئے دوڑتی ہوئی دیکھی ہیں جب کہ آگ بجھانے اور بچاؤ کام میں تین ہیلی کاپٹرس بھی مصروف تھے۔ سیول ڈیفنس کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی تصاویر میں ایک عمارت کی کھڑکیوں سے دھویں کے گہرے بادل دیکھے گئے ۔ حکام نے بتایا کہ متصل عمارتوں کے مکینوں کا ہیلی کاپٹرس کے ذریعہ تخلیہ کرایا گیا ۔ آتش فرو عملہ کمپنی کے احاطہ میں تمام عمارتوں کی تلاشی لے رہا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ عمارتوں میں کہیں کوئی شخص پھنسا ہوا نہ رہ جائے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ آگ پر فی الحال قابو پالیا گیا ہے ۔ یہ سعودی عرب کی ہی نہیں بلکہ دنیا کی بڑی تیل کمپنیوں سے ایک ہے جہاں خام تیل کی صفائی کی جاتی ہے اور بڑی مقدار میں تیل برآمد کیاجاتا ہے ۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ77ممالک میں اس کی شاخیں ہیں جن میں61ہزار ملازمین بر سر خدمت ہیں۔ مشرقی صوبہ میں سیول ڈیفنس کے ترجمان کرنل علی القہطانی نے کہا کہ چھتوں سے لوگوں کو محفوظ بچانے کے اقدامات جاری ہیں ۔

11 killed, 219 injured in Saudi Aramco residential complex fire

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں