اورنگ زیب سے موسوم سڑک کے نام کی تبدیلی نچلی ذہنیت - اسدالدین اویسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-31

اورنگ زیب سے موسوم سڑک کے نام کی تبدیلی نچلی ذہنیت - اسدالدین اویسی

حیدرآباد
پریس نوٹ
بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی و صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین نے نئی دہلی میں اورنگ زیب روڈ کا نام تبدیل کرنے حکومت کے فیصلے پر نکتہ چینی کی۔ انہوں نے آج دارالسلام میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کے نام کی تبدیلی کے ذریعہ سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کو خراج پیش نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت عبدالکلام کو خراج پیش کرنا چاہتی ہے تو مسلم اور دلت بچوں میں سائنسی تعلیم کے فروغ کے لئے عبدالکلام اسکالر شپس کی شروعات کی جائے ۔ صدر مجلس نے کہا کہ سڑک کے نام کی تبدیلی سے عوام اور ڈاک خانوں کو مشکلات پیش آئیں گی ۔ نام کی تبدیلی1975ء کے رہنمایانہ خطوط کے خلاف ہے ۔2007ء میں جو قرار دا د منظورکی گئی تھی اس کے مطابق سڑک کا نام تبدیل نہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے ناموں کے سلسلہ میں این ایم ڈی سی کی ایک واضح قرار داد ہے ۔ سڑک کے نام کی تبدیلی اس قرارداد کے خلاف ہوگی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اورنگ زیب نام میں کیا برائی ہے؟ اورنگ زیب تاریخ کا ایک حصہ ہے جنہوں نے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوؤں سے بھی جنگیں لڑیں ۔ اورنگ زیب نے قلعہ گولکنڈہ میں مسجد کو توڑ دیا تھا کیونکہ ابوالحسن تانا شاہ نے اس میں خزانہ چھپا رکھا تھا۔ اور محاصل نہیں دئیے جارہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ نام کی تبدیلی پر مباحث کروانے کی ضرورت ہے ۔ صدر مجلس نے واضح کیا کہ سڑک کے نام کی تبدیلی حکومت کی نچلی ذہنیت کا مظاہرہ ہے ۔ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ1200سال کی غلامی کے بعد ہمیں اقتدار ملا تو انہیں یہ بتانا پڑے گا کہ خواجہ غریب نواز اور قطب الدین بختیار کاکیؒ جب ہندوستان آئے تھے تو کیا یہ غلامی کا دور تھا؟1857ء کی جنگ آزادی میں جب آر ایس ایس کا وجود نہیں تھا اس وقت مسلم علماء نے انگریزوں کے خلاف فتویٰ دیا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ سراج الدولہ کی قربانی اور ٹیپو سلطان کی شہادت غلامی کے دور میں ہوئی تھی یا غلامی کی وجہ سے ہوئی تھی؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی شروع سے کہتی آرہی ہے کہ بات چیت اور دہشت گردی ایک ساتھ نہیں ہوسکتے ۔ حکومت کے پاس کوئی خارجہ پالیسی نہیں ہے ۔ حکومت نے پاکستان سے بات چیت کرنے کا اعلان تو کیا ہے لیکن بات چیت نہیں کی ۔ مرکزی حکومت اس مسئلہ پر بے نقاب ہورہی ہے ۔

Asaduddin Owaisi slams move to rename Aurangzeb Road

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں