اتر پردیش کے پنچایت انتخابات میں حصہ لینے مجلس کا ارادہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-03

اتر پردیش کے پنچایت انتخابات میں حصہ لینے مجلس کا ارادہ

لکھنو
یو این آئی
صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل پنچایت انتخابات لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں جسے آئندہ سال کے اسمبلی انتخابات کا سیمی فائنل سمجھا جارہا ہے ۔ ممبئی میں سلسلہ وار بم دھماکوں کے ملزم یعقوب میمن کی پھانسی کی سزا پر سوال کھڑا کرتے ہوئے انہوں نے حال ہی میں اس حساس مسئلہ پر قومی سطح پر مباحث کا موقع فراہم کیا تھا ۔ بیرسٹر اویسی کی قیادت میں پارٹی پنچایت انتخابات کے ذریعہ ریاست میں اپنی طاقت کا اندازہ لگائے گی اور اس کی بنیاد پر ریاست میں2017میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی تیار کرے گی۔ اتر پردیش میں انتخابات لڑنے مجلس کے منصوبہ کے ساتھ ایم آئی ایم کی بڑھتی ہوئی سر گرمیوں سے بر سر اقتدار سماج وادی پارٹی( ایس پی) کے روایتی مسلم ووٹ بینک پر اچھا خاصہ اثر پڑنا یقینی معلوم ہوتا ہے ۔ ریاست میں تقریبا 3کروڑ60لاکھ مسلمان ہیں اور تقریبا34لوک سبھا حلقے ایسے ہیں جہاں ان کا خاص اثر سمجھاجاتا ہے ۔ اے آئی ایم آئی ایم کے لیڈر توفیق احمد صدیقی نے بتایا کہ وہ دہلی میں پارٹی کے ایک اجلاس میں شرکت کے لئے جارہے ہیں۔ وہاں کی میٹنگ میں پنچایت انتخابات کی تیاریوں پر بات چیت ہوگی۔ صدیقی نے تاہم کہا کہ پنچایت انتخابات میں پارٹی چند ہی مقامات پر امید وار کھڑا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی خاص طور پر ریاست کے مغربی علاقوں میں تیاریوں کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف ہے اس کے بعد مشرقی اور دیگر علاقوں میں بھی تیاریاں کی جائیں گی ۔ یاد رہے کہ بیرسٹر اویسی کو حال ہی میں الہ آباد ، آگرہ اور ریاست کے بعض دیگر مقامات پر جلسوں سے خطاب کی اجازت نہیں دی گئی تھی ۔

Owaisi plans to contest panchayat polls in Uttar Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں