ممتا بنرجی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-04

ممتا بنرجی کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

بارہ سات(مغربی بنگال)
پی ٹی آئی
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج اعلان کیا کہ ریاستی حکومت ، سیلاب اور طوفان کے مہلوکین کو فی کس چار لاکھ روپے فراہم کرے گی ۔ ضلع شمالی چوبیس پرگنہ میں ایک اسکول کا دورہ کرنے کے دوران جسے ریلیف کیمپ کے طور پر چلایاجارہا ہے ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست معذور ہوجانے والوں کو دو لاکھ روپے فی کس اور دیگر زخمیوں کو60ہزار روپے فی کس دے گی ۔ چیف منسٹر نے یہاں ریاستی سکریٹریٹ 'نبنا' میں رات بھر قیام کیا، تاکہ شخصی طور پر سیلاب کی صورتحال پر نظر رکھ سکیں۔ انہوں نے اسکول میں پناہ لینے والے سیلاب و طوفان متاثرین کو ریلیف پیکیج حوالے کیا۔ سیلاب کے علاوہ اس علاقہ میں گزشتہ ہفتہ شدید طوفان بھی آیا تھا جس کے نتیجہ میں کئی گھر تباہ ہوئے ۔ ممتا نے مرکز کا نام لئے بغیر کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے کسی سے بھی بھیک نہیں مانگیں گی ۔ ریاستی حکومت ان افراد کی مدد کرے گی جن کے مکانات اور فصلیں سیلاب اور طوفان میںتباہ ہوچکے ہیں ۔ ممتا بنرجی نے بی ڈی اوز اور ایس ڈی او ز سے کہا کہ وہ ایسے متاثرین کی فہرست تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی راحت کی تقسیم میں کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں سب سے تعاون کرنے کی درخواست کی ۔ اسی دوران کولکتہ سے موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکافی پر حکومت مغربی بنگال کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے آج چیف منسٹر ممتا بنرجی سے کہا کہ وہ سیلاب سیاحت کرنے کے بجائے سنجیدہ اقدامات کریں ۔ سی پی آئی ایم نے حکمراں ترنمول کانگریس پر ریلیف اشیاء فراہم نہ کرنے اور نہ دوسروں کو ایسا کرنے کی اجازت دینے کا الزام عائد کیا ۔سی پی آئی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری و ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن سوریہ کانتا مشرا نے توئٹر کے ذریعہ ممتا کو نشانہ تنقید بنایا۔ سینئر کانگریس لیڈر و رککن پارلیمنٹ پردیپ بھٹا چاریہ نے بھی ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ریلیف اشیا کی تقسیم پر حقیر سیاست کررہی ہے ۔ بھٹا چاریہ نے پی ٹی آئی سے بات چیت کے دوران تعجب ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ چیف منسٹر، اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دے رہی ہیں کہ وہ ریلیف فراہم نہ کریں ۔ آخر ریاستی حکومت ایسی حقیر سیاست کیوں کررہی ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر راہول سنہا نے کہا ریاستی سکریٹریٹ میں بیٹھے رہنے کے بجائے انہیں زیر آب مواضعات کا دورہ کرنا چاہئے ۔ انہیں صرف صحافتی بیانات نہیں دینا چاہئے ۔ جنوبی بنگال کے اضلاع میں بھی آج سیلاب کی سنگین صورتحال رہی جہاں مختلف بیاریجس سے پانی چھوڑا گیا۔

Mamata Banerjee visited the flood affected areas

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں