یو این آئی
بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں عظم اتحاد کی کل ہونے والے سوابھیمان ریلی کے پیش نظر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں ۔ جنتادل متحدہ راشٹریہ جنتادل کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے عظیم اتحاد کی ریلی میں بھاری بھیڑ کے امکان کے پیش نظر پٹنہ پولیس تاریخی گاندھی میدان میں واقع اصل تقریب کے مقام کے ارد گرد پوری طرح چاق و چوبند نظر آئے گی وہیں گاندھی میدان کے باہر اور آس پاس کے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے سے بھی گہری نظر رکھی جائے گی۔ سبھی اہم مقامات پر سی سی ٹی وی لگا کر ان کا معائنہ بھی کیا گیا ہے ذرائع کے مطابق ریلی میں شامل ہونے کے لئے آئے ایک ایک شخص پر نظر رکھی جائے گی ۔ کچھ مقامات پر واچ ٹاور بھی نصب کئے جارہے ہیں ۔ جہاں سے آنے جانے والوں پر نظر رکھی جاسکے۔ گاندھی میدان کے سبھی داخلہ دروازوں پر میٹل ڈٹیکٹر اور ہینڈ ڈٹیکٹر سے لوگوں کی جانچ کی جائے گی۔ ریالی کے دوران اے ایس پی اور ڈی ایس پی سطح کے25سے زیادہ پولیس افسران کے ساتھ ہی5ہزار پولیس عملہ کی تعیناتی کی جارہی ہے ریلی کے دوران ٹریفک راستوں میں بھی کچھ تبدیلی کی گئی ہے ۔ دارالحکومت کے انکم ٹیکس چوراہے کے بعد بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند رہے گا اور اس راستہ سے صرف بڑے لیڈروں کی گاڑیاں ہی گاندھی میدان پہنچ سکیں گی ۔ اس دوران ڈپٹی انسپکٹر جنرل( پٹنہ رینج ) نے بتایا کہ اس طرح کے انتظامات کیے گئے ہیں کہ ریلی میں آئے لوگوں کے ساتھ ہی مقامی لوگوں کو بھی کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔ جیوڈیشیل مجسٹریٹ کے ساتھ ہی پولیس دستوں کو بھی جگہ جگہ تعینات کیا گیا ہے ۔ اسی دوران عظیم اتحاد بندھن کی جانب سے اتوار کو دارالحکومت پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد ہونے والی سوابھیمان ریلی میں کانگریس صدر سونیا گاندھی موجود رہیں گی ۔ کانگریس کے ریاستی صدر اشوک چودھری نے آج یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی اتوار کی دوپہر تقریبا12بجے دہلی سے پٹنہ پہنچیں گی۔ انہو ں نے بتایا کہ ریلی میں حصہ لینے کے بعد محترمہ گاندھی دہلی کے لئے روانہ ہوجائیں گی ۔ چودھری نے بتایا کہ ریلی میں شامل ہونے کے لئے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد اور پارٹی کے بہار انچارج سی پی جوشی بھی آرہے ہیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریند رمودی کے خصوصی پیکیج کو دھوکہ قرار دیا اور کہا کہ سوا لاکھ کروڑ روپے کے اس خصوصی پیکیج کی تقریبا90فیصد رقم مختلف منصوبوں کے لئے پہلے ہی مختص کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قیادت والی ترقی پسند اتحاد حکومت نے کانگریس حکومت والی ریاستوں سے زیادہ رقم بہار کو دی تھی۔
JD(U)-RJD-Congress 'Swabhiman' rally in Patna
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں