ٹریڈ یونینوں کی ہڑتال میں حصہ نہ لینے بھارتیہ مزدور سنگھ کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-30

ٹریڈ یونینوں کی ہڑتال میں حصہ نہ لینے بھارتیہ مزدور سنگھ کا فیصلہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی کی حمایت یافتہ بھارتیہ مزدور سنگھ( بی ایم ایس) نے آج فیصلہ کیا کہ وہ2ستمبر کو مرکزی ٹریڈ یونینوں کی مجوزہ ہڑتال میں حصہ نہیں لے گی اور کہا کہ مختلف مطالبات پر حکومت کے تیقنات کے پیش نظر یہ بہترین راستہ نہیں ہے ۔ ہڑتال میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ قومی دارالحکومت میں بی ایم ایس کے کور کمیٹی اجلاس میں لیا گیا ۔ بی ایم ایس نے کل11مرکزی ٹریڈ یونینوں کی میٹنگ میں تجویز پیش کی تھی کہ حکومت کے تیقنات اور اندرون چھ ماہ عمل آوری کی پیشکش کے پیش نظر مجوزہ ہڑتال کو ملتوی کردیاجائے ۔ بہر حال باقی دس ٹریڈ یونینیں اپنے موقف پر اٹل رہیں ۔ بی ایم ایس کے جنرل سکریتری برجیش اپادھیائے نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کو بتایا تھا کہ چونکہ حکومت ہمارے بنیادی مطالبات پر مثبت تیقنات کے ساتھ آگے آئی ہے اور بات چیت جاری رکھنے کا تیقن دیا ہے، بی ایم ایس فی الحال اس ہڑتال کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کرتی ہے ۔ مرکزی ٹریڈ یونینوں کے مطابق ان کے13.49کروڑ رجسٹرڈ ارکان ہیں، جن میں بڑی یونینیں جیسے بی ایم ایس ، انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس ، آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس اور ہند مزدور سبھا شامل ہیں۔ ان یونینوں کو توقع ہے کہ40کروڑ منظم اور غیر منظم شعبہ کے ورکر چہار شنبہ کو مجوزہ ہڑتال میں حصہ لیں گے ۔ انہوں نے تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ فی الحال ہڑتال بہترین راستہ نہیں ہے ۔ حکومت کے تیقنات کے بعد ہڑتال کرنے کا مطلب ہوگا کہ ہمارے کچھ سیاسی مقاصد ہیں۔ سینئر وزراء کے ایک اعلیٰ سطحی گروپ نے چہار شنبہ اور جمعرات کو سرکاری قائدین سے ملاقات کی تھی، تاکہ انہیں ہڑتال کی اپیل واپس لینے پر قائل کیاجاسکے ۔ انہوں نے ان کے مختلف مطالبات بشمول اقل ترین اجرتیں، کنٹراکٹ لیبر اور سماجی سیکوریٹی کا جائزہ لینے کا بھی تیقن دیا تھا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی کی زیر قیادت وزراء گروپ نے اقل ترین اجرتون میں اضافہ کرنے اور انہیں لازمی بنانے کے علاوہ دیگر اقدامات کا بھی تیقن دی اتھا ۔ وزارتی پینل نے بونس کی حد میں اضافہ کرنے ، پراویڈنٹ فنڈ کے دائرہ کو وسعت دینے اور ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کا بھی تیقن دیا تھا تاکہ اس میں شعبہ تعمیر سے جڑے ہوئے مزدوروں کا بھی احاطہ کیاجاسکے ۔ اس کے علاوہ آنگن واڑی جیسی اسکیمات کا بھی پیشکش کیا گیا تھا ۔ وزیر تیل دھرمیندر پردھان ، وزیر برقی پیوش گویل اور وزیر اعظم کے دفتر کے مملکتی وزیر جتیندر سنگھ پر مشتمل پیانل نے دو دن میں ٹریڈ یونینوں کے ساتھ دو مراحل کی بات چیت کی تھی۔

Bharatiya Mazdoor Sangh not to take part in trade unions' strike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں