مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن - سات منزلہ عمارت کی تعمیر کا جلد آغاز - نجمہ ہبت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-22

مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن - سات منزلہ عمارت کی تعمیر کا جلد آغاز - نجمہ ہبت اللہ

نئی دہلی
یو این آئی
اقلیتوں ، خاص طور پر مسلم طلباء و طالبات کو جدید اور عصری تعلیم سے آراستہ کرنے کی غرض سے قائم کردہ مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی سات منزلہ عمارت کی تعمیرات کا کام اپنے آغاز کی تیاریوں کے آخری مراحل میں ہے ۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے کل شام یہاں یو این آئی اردو سروس سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے قریب75ہزار اسکوائر فٹ زمین پر بننے والی مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی عمارت کا خاتکہ تیار کیاجاچکا ہے ، جس پر جلد ہی کام شروع ہونے والا ہے۔ گزشتہ روز اس ادارے کی جنرل باڈی میٹنگ میں فاؤنڈیشن کی ری اسٹرکچرنگ کے لئے دی جانیوالی منظوری کے بارے میں مرکزی وزیر نے کہا کہ اس ادارے کے قیام کے مقاصد اور اس کی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی بلکہ اسے مزید موثر اور فعال بنانے میں مدد ملے گی ۔ اس دوران مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہبت اللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے کے انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے سے جہاں ملک میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں وہیں دونوں ملکوں کے باہمی رشتوں کو مزید تقویت ملے گی۔ محترمہ نجمہ نے یو این آئی اردو سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی کے اس دورے کے دوران دہشت گردی سے نپٹنے کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کی حکومت سے جو بات چیت ہوئی ہے وہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں وزیر اعظم کا جس والہانہ انداز میں خیر مقدم کیا گیا ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں کی حکومت نے مسٹر مودی کے دورے کو کتنی زبردست اہمیت دی ہے ۔ ان کے دورے سے دہشت گردی کے مسئلے پر پاکستان تنہا پڑ سکتا ہے۔ وزیر اعظم کے اس دورے سے متحدہ عرب امارات میں بڑی تعداد میں مقیم ہندوستانیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ محترمہ نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد تعلیمی لحاظ سے پسماندہ اقلیتی بچں کو تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے تاکہ وہ بڑے ہوکر اپنے کنبوں کی پرورش کے ساتھ ملک کی ترقی میں بھی اہم رول ادا کرسکیں ۔ خیال رہے کہ اقلیتی بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کے مقصد سے1989میں مولانا آزاد ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا ایک خود مختار ادارے کے طور پر قیام عمل میں آیا تھا لیکن فنڈ کی کمی، افرادی قوت کی کمی اور دیگر کئی وجوہات سے یہ ادارہ کارگر رول ادا نہیں کرپا رہا تھا۔ سال2006میں وزارت اقلیتی امور کے قیام کے بعد فاؤنڈیشن کے خود مختار ادارے کی حیثیت سے برقرار رکھتے ہوئے اسے مذکورہ وزارت کے تحت لایا گیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت موجودہ حکومت کی وزارت اقلیتی امور نے فاؤنڈیشن کی مجموعی کارکردگی اور اس کی افادیت کا جائزہ لینے کے بعد اس کے مزید بہتر امکانات پیدا کرنے اور بچوں کی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں پیشہ وارانہ مہارت سے لیس کرنے کی غرض سے اس ادارے کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کیا۔

Govt to restructure Maulana Azad Education Foundation, Minority Affairs Minister Najma Heptullah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں