جب پڑا وقت گلستاں پہ تو خوں ہم نے دیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-17

جب پڑا وقت گلستاں پہ تو خوں ہم نے دیا

maulana-nadeem-ansari
اسلام کو دل و جان سے عزیز رکھنے والوں کو مسلمان کہتے ہیں اور اسلام محض چند رسمی عبادتوں کی ادایگی کا نام نہیں بلکہ دنیا و آخرت کی زندگی میں سلامتی کی ضمانت کا نام ہے۔ ہر وہ چھوٹی بڑی بات، جس سے انسان کی دنیا و آخرت کی فلاح و بہبود وابستہ ہو، اسلام اس کی نہ صرف نشان دہی کرتا ہےبلکہ اس کے تفصیلی احکامات کی بھی رہ نمائی کرتا ہے،یہی وجہ ہے کہ اعتقادات، عبادات، معاشرت، اخلاقیات اورمعاملات کے ساتھ سیاست کو بھی دینِ اسلام میں جگہ دی گئی، بایں وجہ کہ اس کے ذریعے دنیوی نظام درست کیا جاتا ہے۔ جو لوگ سیاست کو بالکلیہ اسلام سے باہر سمجھتے ہیں، وہ یقیناً غلطی پر ہیں، اسی طرح جو فی زمانہ مروج اوچھی سیاست کو دین کا حصہ سمجھتے ہیں، وہ بھی غلط فہمی کا شکار ہیں۔ جس طرح دیگر شعبہ جات کو علماے دین نے تفصیل سے مدون کیا ہے، اسی طرح اس شعبۂ زندگی کو بھی تشنہ نہیں چھوڑا گیا، عربی زبان؛ جس میں دینِ اسلام کا اصل لٹریچر ہے، اس کے علاوہ اردو وغیرہ میں بھی اس موضوع پر بھی کافی کچھ لکھا گیا ہے۔
اس مختصر تمہید کے بعد عرض ہے کہ جس وقت مسلمان ہندوستان میں وارد ہوئے، اس وقت یہ ملک مختلف انفروادی و اجتماعی خرابیوں سے اٹا ہوا تھا، اسلام اور اہلِ اسلام کے زیر اثر آنے پر اس ملک کی تہذیب و معاشرت میں نئی زندگی پیدا ہوئی اور یہاں کے معاشرے میں پائی جانے والی بے اعتدالیوں کو راہِ راست پر آنے کا موقع ملا، جس کا اعتراف آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے 'تلاشِ ہند' میں ان الفاظ سے کیا ہے:
" اسلام کی آمد ہندوستان کی تاریخ میں کافی اہمیت رکھتی ہے، اس نے ان خرابیوں کو، جو ہندو سماج میں پیدا ہو گئی تھی یعنی ذاتوں کی تفریق، چھوت چھات اور انتہا درجے کی خلوت پسندی۔۔۔ ان سب کو بالکل آشکارا کر دیا۔ اسلام کے اخوت کے نظریے اور مسلمانوں کی عملی مساوات نے ہندوؤں کے ذہن پر بہت گہرا اثر ڈالا، خصوصاً وہ لوگ جو ہندو سماج میں برابری کے حقوق سے محروم تھے،اس سے بہت متاثر ہوئے۔"(تحریک آزادی میں علما کا کردار: 51)
مسلمانوں کی یہی خصوصیات تھیں جن کے باعث جب انھوں نے اس ملک کو اپنا وطن بنایا تو اپنے میل جول اور کردار و اعمال سے ایک انقلاب برپا کر دیا، جس کی صداقت پر آپ پنڈت نہرو کا اعتراف پڑھ چکے ہیں۔ مسلمانوں نے یہاں کی ہر چیز پر اپنا اثر ڈالا اور یہاں کی تہذیب و ثقافت اور زبان و ادب کوئی چیز ان کااثرقبول کیے بنا نہ رہی، جن کا اعتراف ڈاکٹر پٹا بی سیتا رمیہ سابق صدر کانگریس نے جے پور میں منعقد ایک جلسے میں کیایوں کیا:
"مسلمانوں نے ہمارے کلچر کو مالامال کیا اور ہمارے نظم و نسق کو مستحکم اور مضبوط بنایا، نیز وہ ملک کے دور دراز حصوں کو ایک دوسرے سے قریب لانے میں کامیاب ہوئے، اس ملک کے ادب اور اجتماعی زندگی میں ان کی چھاپ بہت گہری دکھائی دیتی ہے۔"(ایضاً: 51)
ہر دانا سمجھ سکتا ہے کہ ایسا تب ہی ہو سکتا ہے، جب کہ مسلمانوں نے اس ملک کو اپنا سمجھ کر یہاں رہنا قبول کیا ہو اور یہی حقیقت بھی ہے کہ مسلمانوں نے اجنبیت کے تمام پردے اٹھا کر اس ملک کو دل و جان سے اپنا بنایا اور اس کی تعمیر و ترقی میں اپنی صلاحیتیں صَرف کیں،کیوں کہ وہ صرف حکومت کرنے کے لیے اس ملک میں نہیں آئے تھے بلکہ یہاں آکر انھوں نے اپنے سابقہ ملک کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ان کا مستقبل اسی ملک سے وابستہ تھا،اس وطن میں سکونت اختیار کرنے والے مسلمانوں نے اپنے جگر کے خون کا ایک ایک قطرہ اس چمن کی آبیاری میںاور اپنی تمام تر توانائیاں اس ملک کو مستحکم کرنے میں لگا دیں۔ اسی لیے تو اقبال نے کہا تھا:
ہم بلبلے ہیں اس کے، یہ گلستاں ہمارا
مشہور مؤرخ مولانا سید ابو الحسن علی الندویؒ رقم طراز ہیں:
"مسلمان جس حیثیت سے بھی اس ملک میں آئے، انھوں نے اسے اپنا وطن سمجھا، ان کا عقیدہ تھا کہ زمین خدا کی ہے، وہی جس کو چاہتا ہے، اپنی زمین کا وارث و نگہبان بنا دیتا ہے، وہ اپنے کو خدا کی طرف سے اس زمین کا منتظم اور اس کی مخلوق کا خادم سمجھتے تھے اور اس پر عقیدہ رکھتے تھے:
ہر ملک ماست کہ ملک خدا ئے ماست
اس لیے مسلمانوں نے ہمیشہ اس ملک کو اپنا وطن، اپنا گھر اور اپنی ابدی قیام گاہ سمجھا، جس سے وہ کبھی اپنی نظریں پھیر نہ سکتے تھے، چناں چہ اس ملک کی خدمت کے لیے انھوں نے اپنی بہتریں صلاحیتیں اور خداداد قابلیت و ذہانت صَرف کردی، ان کا خیال تھا کہ وہ اس ملک کی دولت میں جو بھی اضافہ کریں گے، وہ گویا خود ان کی اپنی ثروت میں اضافہ ہوگا، کیوں کہ ان کا مستقبل اسی سرزمین سے وابستہ ہے۔ اس تصور کا قدرتی نتیجہ یہ تھا کہ مسلمانانِ ہند اس ملک کو جس نظر سے دیکھتے تھے، وہ انگریزوں اور دوسری استعماری طاقتوں سے بالکل مختلف تھا، یورپ کی استعماری طاقتوں کا مقصد صرف یہاں کی دولت کھینچنا تھا، ان کے نزدیک در اصل اس ملک کی حیثیت ایک مستعار دودھاری گائے کی سی تھی، جو ان کے پاس چند دن رہ کر واپس جانے والی تھی، اس لیے وہ اس کو اچھی طرح دوہ لینا چاہتے تھے، اس ملک کی ترقی و خوش حالی میں مسلمانوں نے جس دل چسپی سے کام لیا، اس کا حقیقی راز یہی ہے۔ "(ایضاً: 51)
مذکورہ بالا اقتباس میں ان اسباب و عوامل کی طرف واضح اشارہ موجود ہے، جنھوں نے یہاں اقامت پذیر مسلمانوں کو انگریزوں کی آمد پر ان سے لوہا لینے کے لیے ابھارا،وجہ صرف یہ تھی کہ وہ اس ملک کو اپنا ملک سمجھتے تھے اور سمجھتے ہی نہیں تھے بلکہ انھوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر، نہیں نہیں۔۔۔ہزاروں لاکھو جانیں وطن کی بھینٹ چڑھا کر، جو کچھ کر کے دکھایا، اس کے بعد کسی حقیقت پسند یا باشرم کا منہ نہ رہا کہ ان کی وفاداری میں ذرا شبہ کرے۔ ان غیور مسلمانوں نے ابتدا ہی سے انگریزوں کی جابر حکومت سے مزاحمت کی اور یہ مزاحمت ہی آگے چل کر تحریکِ آزادی اور پھر جنگِ آزادی میںتبدیل ہوگئی، پھر تو لوگ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا، جس میں شاہ ولی محدث دہلویؒ سے لے کر حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ، شاہ عبد العزیز دہلویؒ، شاہ رفیع الدینؒ، مولانا عبد الحیؒ، مفتی الٰہی بخشؒ، سید احمد شہیدؒ، مولانا رشید احمد گنگوہیؒ، مولانا محمود الحسن دیوبندیؒ،مفتی کفایت اللہ دہلویؒ، مولانا حسین احمد مدنیؒ، مولانا عبید اللہ سندھیؒ، مولانا محمد علی جوہرؒ، مولانا شوکت علی تھانویؒ اورمولانا ابو الکلام آزادؒتک ہزاروں توحید کے پروانوں نے اپنی جانیں کھپا دیں۔
اس تحریک میںیقیناً مسلمانوں کے ساتھ ہندوؤں نے بھی قربانیاں پیش کی ہیںلیکن ہر حقیقت پسند کو اس بات کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ اس میدان میں مسلمان ان سے بازی مار لے گئےاور تعجب کی بات یہ ہے کہ آج تاریخ کے اوراق سے ان کے ذکر تک کو مٹانے کی ناپاک کوششیں کی جارہی ہیں، جب کہ وہ مسلمان ہی تھے، جنھوں نے ایسے وقت میں محاذ سبنھالا ، جس وقت دوسرے خوابِ غفلت کا شکار تھے۔ ویسے یہاں ہمیں اپنے جرم کا بھی اعتراف کرنا پڑے گا، وہ یہ کہ ہم نے نسلِ نو کو کبھی اس حقیقت سے واقف ہی نہیں کرایا اورانھیں اپنی تاب ناک تاریخ سے محروم رکھا، ظاہر ہے جس قوم کی کوئی تاریخ نہ ہو، وہ گم گشتہ ہو جاتی ہے۔ خیال رہے جس وقت مسلمانوں نے اس ملک میں قدم رکھا تھا، اس وقت کے حالات آج سے کچھ زیادہ ہمت افزا نہیں تھے لیکن اس وقت ہمارے اسلاف نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر وہ کچھ کر دکھایا، جس کی مثال دی جاتی ہے۔ آج ان حقیقتوں اور صداقتوں پر جو دبیز پردے پڑ گئے ہیں، ہمیں انھیں ہٹانا نہایت ضروری ہو گیا ہے، جس کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کواپنے اسلاف کے کارناموں سے رو شناس کروائیں۔ آج چند بکاؤ سیاست داں ہمیں اس ملک کا دوسرے نمبر کا شہری جتانے کی کوشش میں لگے ہیں،جس کی وجہ صرف یہی ہے کہ ہم نے اپنا رشتہ ماضی سے توڑ لیااور اپنے بنیادی اوصاف سے دامن جھاڑ بیٹھے۔پھر تو یہ ہونا ہی تھا کہ
جب پڑا وقت گلستاں پہ، تو خوں ہم نے دیا
جب بہار آئی، تو کہتے ہیں تِرا کام نہیں

***
مولانا ندیم احمد انصاری
(ڈائریکٹر الفلاح اسلامک فاؤنڈیشن، انڈیا)
alfalahislamicfoundation[@]gmail.com
مولانا ندیم احمد انصاری

Necessity of Conveying the history of struggle of the ancestors for independence. Article: Nadim Ahmed Ansari

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں