اسمارٹ سٹیز پراجکٹ - 98 شہروں کی فہرست جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-28

اسمارٹ سٹیز پراجکٹ - 98 شہروں کی فہرست جاری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکز نے آج مودی حکومت کے پرچم بردار اسمارٹ سٹیز پراجکٹ کے لئے منتخب98سٹیز کے ناموں کا اعلان کیا، لیکن اس فہرست میں ممبئی، بنگلور اورپٹنہ کے نام درج نہیں ہیں ۔ 48ہزار کروڑ روپے مالیتی اسمارٹ سٹیز پراجکٹ کے لئے منتخب شہروں کے نام مرکز کی جانب سے جاری کئے گئے ہیں ۔جب کہ اتر پردیش اور جموں و کشمیر کے ایک ایک شہر کے نامزدگی زیر التوا ہے ۔ قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اولوالعزم پراجکٹ کا آغاز کیاتھا۔ انہوں نے25جون کو100اسمارٹ شہروں کے لئے پیمانہ اور رہنمایانہ خطوط کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا انتخاب سٹی چیلنج مقابلہ کے ذریعہ عمل میں آئے گا ۔ جموں و کشمیر کو ایک شہر کو نامزد کرنا ہوگا ، جب کہ یوپی کو13شہروں کے انتخاب کا موقع دیا جائے گا۔ جنہیں اسمارٹ شہروں کے طور پر فروغ دیاجاسکے ۔ اس مقصد کے لئے شہری آبادی اور نامزد شہروں کی تعداد کو پیمانہ بنایا گیا تھا ۔ وزیر شہری ترقی ایم وینکیا نائیڈو نے یہاں فہرست جاری کرنے کے بعد کہا کہ حکومت جموں و کشمیر نے شہر کے انتخاب کے لئے مزید مہلت طلب کی ہے ۔13ویں اسمارٹ شہر کے لئے حکومت اتر پردیش سے مزید معلومات طلب کی گئی ہیں ۔ اس کا ہنوز اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ وزارت شہری ترقی کے ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر اس بات کا خواہاں ہے کہ جموں اور سری نگر دونوں کو اسمارٹ شہر کے طور پر ترقی دی جائے جب کہ اس ریاست کو صرف ایک شہر کے انتخاب کا موقع دیا گیا ہے ۔ اتر پردیش میں سٹی چیلنج میں مقابلہ میں میرٹھ اور رائے بریلی دونوں کو مساوی نشانات حاصل ہوئے ہیں، لہذا اب حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس شہر کو منتخب کرنا چاہتی ہے ۔ اس سوال پر کہ باقی دو شہروں کے ناموں کو کب قطیعت دی جائے گی، وینکیا نائیدو نے کہا کہ بہت جلد انہیں قطعیت دی جائے گی۔

Centre unveils list of 98 smart cities; UP, TN strike it rich
Full list of Smart Cities

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں