کیرالہ - بی جے پی اور سی پی ایم کے کارکنان میں تصادم کا معاملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-30

کیرالہ - بی جے پی اور سی پی ایم کے کارکنان میں تصادم کا معاملہ

کنور
یو این آئی
کیرالہ میں ضلع کنور کے ازیکوڈ اور دیگر مختلف علاقوں میں شب سے مارکسی کمیونسٹ پارٹی(سی پی ایم) بی جے پی کے کارکنان کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں کم از کم دو لوگوں کی موت ہوگئی اور سات افراد کو چوٹیں آئیں ہیں، جب کہ متعدد گھروں اور پارٹی کے دفاتر کو نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ کنور کے ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ کے کے محی الدین کٹی نے ایجنسی کو بتایا کہ ان جھڑپوں میں دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے تقریبا دس گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ کوڈ مبلور سے تعلق رکھنے والے سی پی ایم کے رضا کار سی نارائن کو کا سر گوڈ میں پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا ہے ، جب کہ ویلیو ناگڑا کے رہنے والے بی جے پی کے کارکن ابھیشیک کو گزشتہ روز تھریسور میں پیٹ پیٹ کر زخمی کردیا گیا ہے۔ ایک دوسرے واقعے میں شیجو نامی ایک شخص نے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ دیا، جب کہ گزشتہ شب ضلع کوٹایم میں اونم تقریبات کے دوران لوگوں کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں دو دیگر افراد زخمی ہوگئے ۔ جھڑپوں اور قتل کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کے طور پر کاسر گوڈ اور تھریسور میں بی جے پی اور سی پی ایم کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کے بعد ماحول کشیدہ ہے ۔ کاسر گوڈ سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سی نارائن کے بھائی ارویند ھن کو بھی شدید چوٹیں آئی ہیں اور اس کو منگلور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ، وہ مشتعل بھیڑ سے اپنے بھائی کو بچانے کی کوشش میں زخمی ہوگیا تھا، جس کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہوگئی تھی ۔ دریں اثناء سی پی آئی ایم کے لیڈروں نے الزام لگایا ہے کہ گزشتہ شب کے حملوں کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے ۔ تھریسور سے موصولہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ شام کو ابھیشیک اپنے دوستوں کے ساتھ بائک پر کہیں جارہا تھا، تبھی ویلیکو لنکرا میں حملہ آوروں نے اس پر حملہ کردیا۔ حملے میں اس کے دوست ستیش کو شدید چوٹیں آئی ہیں، جس کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف بی جے پی کا الزام ہے کہ قتل کی ان وارداتوں کے پیچھے سی پی آئی ایم کا ہاتھ ہے ۔ تھوڈوپزہا میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے دو رضاکروں کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے ، جس کے بعد آر ایس ایس کے کارکنوں نے آج مارچ نکالا۔ مارچ کے دوران آر ایس ایس کے مظاہرین نے سی پی ایم کے علاقائی دفتر پر سنگباری بھی کی۔ کنور سے موصولہ اطلاع کے مطابق ازیکوڈ پنچایت میں گزشتہ شب سے سی پی ایم اور بی جے پی کے کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں اب تک تین افراد زخمی ہوئے ہیں، جب کہ متعدد گھروں اور پارٹیوں کے دفاتر کو نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ ازیکوڈ پنچایت میں ہونے والے حملوں کے خلاف آج مارکسی کمیونسٹ پارٹی نے صبح سے شام تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے پولیس نے بتایا کہ کنور کے ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ کی زیر قیادت بڑی تعداد میں پولیس اہلکار علاقے میں پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں اور فی الحال صورتحال کنٹرول میں ہے ۔

CPM, BJP workers continue to clash; tension in parts of Kerala

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں