بی جے پی صدر امیت شاہ نصف گھنٹے تک لفٹ میں پھنس گئے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-08-22

بی جے پی صدر امیت شاہ نصف گھنٹے تک لفٹ میں پھنس گئے

پٹنہ
پی ٹی آئی
بی جے پی صدر امیت شاہ اور پارٹی کے تین دیگر سینئر قائدین یہاں کل رات سرکاری گیسٹ ہاؤز کی لفٹ میں تقریبا 40 منٹ تک پھنسے رہے ۔ اس واقعہ کے بعد زعفرانی پارٹی اور نتیش کمار حکومت کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ لفٹ میں وزن زیادہ ہوجانے کی وجہ سے خرابی پیدا ہوئی ۔ یہ لفٹ دو منزلوں کے درمیان پھنس گئی اور اس کے میٹل ڈورس منجمد ہوگئے ۔ واقعہ کل رات 11:30بجے اس وقت پیش آیا جب امیت شاہ مقامی پارٹی قائدین سے انتخابی حکمت عملی پر بات چیت کرنے کے بعد گیسٹ ہاؤس کی پہلی منزل پر کمرہ نمبر101میں لفٹ سے جارہے تھے تو اسی وقت اچانک ان کی لفٹ پھنس گئی ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر منگل پ انڈے نے بتایا کہ اندر پھنسے ہوئے لوگوں کے موبائل فونس بھی کام کرنا بند کردیا ۔ اس وقت وہاں کوئی لفٹ آپریٹر ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لئے کوئی ملازم موجود نہیں تھا ۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ سی آر پی ایف اور اسپیشل فورس کے جوانوں نے لفٹ کا دروازہ توڑ کر امیت شاہ کو باہر نکالا۔ انہوں نے بتایا کہ لفٹ میں شاہ کے ساتھ بی جے پی کے مقامی لیڈر سدان سنگھ، ناگیندر جی اور بھوپیندر یادو بھی تھے۔ اسی دوران بی جے پی کے قومی صدر شاہ آج صبح پٹنہ سے دہلی کے لئے روانہ ہوگئے ۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر سی پی ٹھاکر نے واقعہ پر کہا کہ سازش کے امکان کو مسترد نہیں کیاجاسکتا۔ حریف قائدین بی جے پی لیڈر کے تعلق سے دن بھر زہر افشانی کرتے رہے تھے اس لئے اس واقعہ میں سازش بھی شامل ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب زیڈ پلس سیکوریٹی کا حامل ایک شخص گیسٹ ہاؤس میں قیام کررہا ہے تو ریاستی حکومت کی جانب سے مناسب عملہ تعینات ہونا چاہئے تھا۔

Patna: BJP president Amit Shah stuck in elevator, rescued

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں