حکومت کی کارکردگی کو فخر کے ساتھ پیش کریں - وزیر اعظم کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-23

حکومت کی کارکردگی کو فخر کے ساتھ پیش کریں - وزیر اعظم کی ہدایت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی کے اعلیٰ قائدین نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے آج وزیر خارجہ سشما سوراج اور دو چیف منسٹرس کی تائید کی جنہیں للت مودی تنازعہ اور ویاپم اسکام میں الزامات کا سامنا ہے ۔ بی جے پی نے آج کہا یہ سشما سوراج اور دو چیف منسٹرس نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہیاور نہ ہی وہ مستعفی ہوں گے۔ بی جے پی نے پارٹی قائدین سے جارحانہ انداز میں کہا ہے کہ وہ کانگریس کی جانب سے غلط اطلاعات پھیلانے کو آشکار ا کریں ۔ یہ دعوے بی جے پی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کئے گئے ۔ جس کو وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ نے خطاب کیا۔ نریندر مودی نے پارٹی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ مرکزی حکومت کی کارکردگی کو فخریہ انداز میں پیش کریں ۔ جب کہ امیت شاہ نے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت تمام ریاستوں میں دیانتداری کے ساتھ بہت ہی اچھا کام کیا جارہا ہے ۔ ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا ۔ تقریبا45منٹ تک چلنے والے اس اجلاس کے بعد نقوی نے میڈیا کو بتایا کہ پارٹی کو پارلیمنٹ میں کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن کی سخت مزاحمت کرنی چاہئے جنہوں نے سشما سوراج اور چیف منسٹر راجستھان وسندرا راجے سندھیا کو للت مودی معاملہ اور چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کو ویاپم اسکام میں ملوث بتاتے ہوئے ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اجلاس میں سشما سوراج نے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ انہوں نے آئی پی ایل کے سابق سربراہ للت مودی کی مدد کی کبھی بھی پیشکش نہیں کی ۔ نقوی نے سشما سوراج کا الفاظ بتاتے ہوئے کہا کہ سشما سوراج نے اجلاس میں کہا کہ میں نے للت مودی کو نہ تو کوئی مالی فائدہ پہنچایا ہے نہ ہی انہیں ملک سے فرار ہونے میں مددکی ہے۔ میں نے کبھی بھی برطانوی حکومت سے یہ نہیں کہا کہ انہیں سفری دستاویزات فراہم کئے جائیں ۔ میں نے برطانوی حکومت سے کہا کہ جو کچھ بھی آپ للت مودی کی سفارش کا معاملہ میں فیصلہ کریں اس سے ہندوستان اور برطانیہ کے تعلقات پر اثر نہ پڑے ۔ نقوی نے کہا کہ کانگریس رائی کا پہاڑ بنارہی ہے ۔ یہاں کوئی رائی ہی نہیں ہے۔ نقوی نے بتایا کہ سشما سوراج نے کوئلہ اسکام میں ملوث سنتوش بگروڈ یہ کو سفارتی پاسپورٹ جاری کرنے کے لئے کانگریس کے سینئر قائدین کے دباؤ کو مسترد کردیا ہے ۔ یہ بات سشما سوراج نے پہلے بھی اپنے ٹوئٹ پیام میں کہی ہے ۔ نقوی کے مطابق صدر بی جے پی امیت شاہ نے اجلاس میں ویاپم اسکام کے سلسلہ میں مدھیہ پردیش حکومت کا زبردست دفاع کرتے ہوئے پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ اور کارکنوں سے کہا کہ وہ پراگندہ ذہنیت کے حامل افراد کا سختی سے مقابلہ کریں ۔ انہوں نے اپوزیشن بالخصوص کانگریس پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دراصل ان کے پاس مودی کے خلاف کوئی حقیقی مسئلہ نہیں ہے ۔ ہم ان افراد کو آشکار کریں گے جنہوں نے من گھڑت الزامات کے ذریعہ ترقی کی سمت ہمارے سفر کو مکدر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ہم کانگریس کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔ ہماری ریاستی حکومتیں، ہمارے چیف منسٹر دیانت داری کے ساتھ اچھے طریقہ سے کام انجام دے رہے ہیں ۔ اجلاس میں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ میں دو کتابچے تقسیم کئے گئے جس میں سے ایک کا عنوان’’ ویاپم۔ فرضی داستاں اور حقیقت‘‘ تھا جب کہ دوسرا کتابچہ میں کانگریس کی زیر حکمرانی ریاستوں میں ہوئے اسکام کو پیش کیا گیا تھا ۔ اجلاس کے دوران مودی نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ عوام میں جائیں اور بتائیں کہ حکومت غریبوں اور کمزور طبقات کی ترقی کے لئے کس طرح کے کام کررہی ہے ۔ کس طرح حکومت سخت محنت کرتے ہوئے انہیں قابل فخر بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں