یعقوب میمن کی درخواست رحم قبول کی جائے - سی پی آئی ایم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-23

یعقوب میمن کی درخواست رحم قبول کی جائے - سی پی آئی ایم

چینائی
یو این آئی
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسسٹ) کے پولٹ بیورو نے آج کہا کہ ممبئی دھماکوں کے ملزم یعقوب میمن کی رحم کی درخواست قبول کی جانی چاہئے ۔ کیونکہ پارٹی نے ہمیشہ سزائے موت کی مخالفت کی ہے۔ اپنے بیان میں سی پی آئی ایم نے کہا کہ1993کے ممبئی دھماکے ، ایک وحشیانہ دہشت گرد حملہ تھا جس میں257معصوم افراد ہلاک اور بے شمار زخمی ہوگئے ۔ یہ لازمی ہے کہ اس کے ذمہ دار خاطیوں کو لاکر سزا دی جائے ۔ اس بات کا کافی ثبوت ہے کہ اصل خاطی سرحد پار ایجنسیوں کی مد د سے قانون سے بچ گئے ۔ انہیں ہندوستان واپس لانے اور مقدمہ چلا کر قانون کے تحت سزا دینے کی ہر ممکن کوشش کی جانی چاہئے ۔ اس تناظرمیں تنہا یعقوب میمن کو سزائے موت دینا انصاف کے مغائر ہوگا ۔ یعقوب میمن سازش کا حصہ تھا ، لیکن دیگر اصل خاطیوں کے برعکس اس نے ہندوستانی حکام کے آگے خود سپردگی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقدمہ کا سامنا کیا۔ سی پی آئی ایم نے مزید کہا کہ مقدمہ کا سامنا کرنے وہ اپنے ارکان خاندان کو بھی ہندوستان لے آیا ۔ اس نے حملہ میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے اور ان کی جانب سے دہشت گردوں کو پناہ دیے جانے کی جانکاری حکام کو فراہم کی اور اسی لئے وہ حکومت کو دستیاب واحد گواہ تھا ۔ پھر بھی اسے موت کی سزا سنائی گئی جب کہ اصل خاطی فرار ہیں۔ سی پی آئی ایم نے کہا کہ انصاف کا تقاضہ تو یہی ہوتا کہ یعقوب میمن کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیاجاتا ۔ سی پی آئی سزائے موت کے خاتمہ کی پرزور وکالت کررہی ہے ۔ چنانچہ یعقوب میمن کی درخواست رحم قبول کی جانی چاہئے ۔
ناگپور
پی ٹی آئی
ممبئی بم دھماکوں کا ملزم یعقوب میمن شاید اپنی دوسری ماسٹر ڈگری (پولیٹکل سائنس) حاصل نہیں کرسکے گا جس کی پڑھائی اس نے یہاں کی سنٹرل جیل میں رہ کر کی تھی۔ اسے30جولائی کو اس کی سالگرہ پر پھانسی دے دی جائے گی ۔ پیشہ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ یعقوب نے ناگپور جیل میں قیام کے دوران اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی( اگنو) سے ایم اے انگلش لٹریچر اور ایم اے پولیٹکل سائنس کیا تھا۔ تعلیم سے لگاؤ رکھنے والے یعقوب میمن نے2010تا 2012ایم اے انگلش لٹریچر اور2012تا2014ایم اے پولیٹکل سائنس کا کورس کیا تھا۔ اسے2013میں ایم اے انگلش لٹریچر کی ڈگری عطا کی گئی ۔ اسے سیکوریٹی وجوہات کی بنیاد پر شخصی طور پر سرٹیفکیٹ لینے نہیں دیا گیا ۔ بعد ازاں سرٹیفکیٹ اسے اس کی کوٹھری میں سونپا گیا ۔ ریجنل ڈائرکٹر اگنو ڈاکٹر شیو سروپ نے یہ بات بتائی ۔ یعقوب میمن نے دسمبر2014میں ایم اے پولیٹکل سائنس کا امتحان کامیاب کرلیا تھا لیکن اسے ڈگری تا حال نہیں دی گئی ہے ۔ ڈاکٹر سروپ نے کہا کہ شاید وہ ایم اے پولیٹکل سائنس کی ڈگری لینے کے لئے زندہ نہ رہے ۔ اگنو کے ریکارڈس کے مطابق یعقوب میمن کی تاریخ پیدائش30جولائی1962ہے۔ ڈاکٹر سروپ نے کہا کہ یعقوب نے دونوں مضامین میں دلچسپی دکھائی تھی۔ وہ بڑی خاموش طبیعت کا مالک ہے ۔ ہم نے اسے کتابیں فراہم کیں اور کورس کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر سروپ نے کہا کہ ہم جہاں تک اپنے طلبا کا تعلق ہے تعلیم سے مطلب رکھتے ہیں اور ان کی کونسلنگ کرتے ہیں۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں ۔ ہمیں ان کے مجرمانہ پس منظر کا علم ہوتا ہے لیکن ہم اسے تعلیم سے جوڑ کر نہیں دیکھتے۔

Yakub Memon mercy petition be accepted - CPI-M

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں